کانپور(نامہ نگار)۔سردی کا موسم شروع ہوتے ہی چوروں ،بدمعاشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند ہو جاتے ہیں جب کہ پولیس کے حفاظتی بندو بست کی قلعی کھل جاتی ہے ۔دیہی علاقہ چوبے پور کے قریب دو گاؤں میں آج صبح ڈاکوؤں نے دو گھرو
ں کو نشانہ بنایا ۔ ڈاکو ایک گھر میں لوٹ کی واردات انجام دینے میں کامیاب ہو گئے جب کہ دوسرے گاؤں کے گھر میں ڈاکوؤں کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ مخالفت کے سبب ڈاکوؤں نے لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرکے بزرگ خاتون کو ہلاک کردیا ۔ جب کہ دیگر چار افراد کو زخمی کردیا۔ واردات کے بعد مفرور ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس افسران سمیت مختلف پولیس تھانوں کی فورس نے قرب و جوار کے گاؤں میں ناکہ بندی کردی ۔ پولیس ڈاگ اسکوائڈ کی مدد سے ڈاکوؤں کو تلاش کررہی ہے ۔ کانپور کے ایس ایس پی کے ایس ایمونول نے بتایا کہ چوبے پور کے عبداللہ پور گاؤں میں اسکول ٹیچر منا لا یادو کے گھر آج صبح پانچ ڈاکو لاٹھی ڈنڈے لے کر گھس گئے ۔ گھر والوں کی مخالفت کی وجہ سے ڈاکوؤں نے گھر کے لوگوں کو لاٹھی ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کردیا۔ جس کی وجہ سے ایک بزرگ خاتون رام وتی (۶۵)کی موت ہو گئی ۔ اور چار دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واردات کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے ۔ اس کے بعد ڈاکو دوسرے گاؤں اوم نگر میں اروند سنگھ کے گھر پہنچے اور وہاں سے زیورات اور ۲۰ ہزار روپئے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوؤں نے گھر والوں کے ساتھ مار پیٹ بھی کی ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس کی کئی ٹیمیں مذکورہ گاؤں کے قریب ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد پانچ تھی۔