لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بازار کھالا علاقہ میں چوروں نے ایک گھر کو نشانہ بناکر تالا توٹ کر ہزاروں کی نقدی و زیورات چوری کرلے گئے۔ پڑوسی نے جب صبح تالا ٹوٹا دیکھا تو اطلاع مکان مالک کو دی۔ اطلاع ملنے کے بعد مکان مالک جب واپس گھر لوٹا تو اس نے گھر کا سارا سامان بکھرا پایا۔ واردات کے بارے میں پتہ چلنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے معائنہ کر کے چوری کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بازار کھالا کے لیبر کالونی ٹکیت رائے تالاب کے رہنے والے عامر ولد عمر صدیقی گزشتہ ۱۹؍دسمبر کو اپنے آبائی گاؤں بستی گئے ہوئے تھے اور ان کے گھر میں تالا پڑا ہوا تھا۔ سنیچر کی شب چوروں نے گھر تنہا پاکر حملہ کر دیا۔ دیر شب میں چور نقدی اور زیورات پر صفائی دکھاکر فرار ہو گئے۔ صبح مکان کا تالا ٹوٹا ہوا دیکھ کر پڑوسی نے اس بات کی اطلاع فون کر کے عامر کو دی۔ اطلاع ملتے ہی عامر بستی سے لکھنؤ کیلئے روانہ ہو گیا۔ گھر پہنچ کر دیکھا تو الماری کھلی پڑی تھی اور سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔