لکھنؤ۔(نامہ نگار)ٹھاکر گنج علاقے میں چوروں کی ہمت کا ایک اور کارنامہ پیر کی شب دیکھنے کو ملا ۔چوروں نے ایک گھر کو اپنا نشانہ بناتے ہوئے وہاںسے لاکھوں کا مال تو چوری کرہی لیا اس کے علاوہ گھر پر اندھا دھند گولیاں چلادیں۔ ڈرا سہما مکان مالک جب باہر نکلا تو چور وہاں سے رفو چکر ہوچکے تھے۔ متاثر کسی طرح تھانہ پہنچا اور اس بات کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھر کا معا
ئنہ کیا اس کے بعد چوری کی رپورٹ درج کرکے فائرنگ کی بات سے انکارکردیا۔ ٹھاکر گنج کے سورج کنڈ کھیڑا کے رہنے والے اودھیش جیسوال اپنے گھر پر گذشتہ شب سورہے تھے۔
تبھی ان کو کچھ کھٹ پٹ کی آواز سنائی دی ۔ انہوں نے اٹھ کر دیکھا تب تک چور ان کے گھر پر دھاوا بول چکے تھے۔ یہ دیکھ کر اودھیش کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ اس کے سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کیا کرے اور کس کو پکارے ۔ اودھیش نے شور مچانا شروع کردیا۔ لیکن چوروں کی ہمت تو دیکھئے وہ اپنے کام میں لگے رہے اور جب انہیں لگا کہ پکڑے جائیںگے تبھی چوروں نے گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کردی۔ گولیوں کی آواز سن علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے لوگوں کی باہر آواز سن کر اودھیش کی ہمت بڑھی اور وہ باہر آیا اودھیش نے بتایا کہ گھر میں ہی اس کی راشن کی دکان ہے۔ چوروں نے اس کی دکان سے نو ہزار روپئے نقد ،بیس ہزار روپئے کے کوپن ، پچاس کلو چاول ، کئی درجن نرما پاؤڈر سمیت لاکھوں کا مال چرالے گئے۔ وہیں کنبہ والوں نے بتایا کہ چوروں نے گھر پر تین راؤنڈ فائرنگ بھی کی۔
جس سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے فائرنگ کے سبب کنبہ والوں میں خوف پیدا ہوگیا۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے گھر کا معائنہ کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ وہیں ٹھاکر گنج ایس او سمر بہادریادو نے بتایا کہ گھر پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی۔
چوروں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر گھر پتھر پھینکے تھے۔ جس کے سبب کنبہ والوں کو لگا کہ کسی نے فائرنگ کی ہے۔