گورکھپور (نامہ نگار)چوری چورا پولس نے اسلحہ اسمگلر کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ریوالور اور پستول برآمد کی ہے۔اسمگلر مذکورہ اسلحہ کو گورکھپور میں کسی شخص کو پہنچانے کے لئے جارہاتھا۔اسمگلر نے نیپال کے علاوہ لکھنؤ، فیض آباد،بستی اور گورکھپور میں تقریباً دوسو سے زائد اسلحہ کی اسمگلنگ کرچکا ہے۔ موصولہ خبر کے مطابق ایس او رام اشیش یادو نے مخبر کی اطلاع ملنے کے بعد مجھنیٰ نالے کے قریب ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ جامہ تلاشی کے دوران اس کے قبضہ سے دو دیسی ریوالور اور ایک ۹ایم ایم کا پستول برآمد ہوا۔
پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنا نام ابھیمنیو عرف بابی باشندہ درگا باڑی بتایا ہے۔
نوجوان نے بتایا کہ وہ مذکورہ اسلحہ گورکھپور میں ایک شخص کو دینے کے لئے جارہاتھا۔اسلحہ کس جگہ پر پہنچانے ہیں اس کا اسے کوئی علم نہیں ہے۔اس نے بتایا کہ بہار ریاست کے منگیر کا ایک باشندہ اسلحہ کی فراہمی کرواتاہے اس سے قبل فیض آباد ، لکھنؤ، بستی اور نیپال میں وہ تقریباً دو سواسلحہ اسمگلنگ کے ذریعہ کرچکا ہے۔
نوجوان نے بتایا کہ ۱۵سے ۲۰ہزار روپئے کی قیمت کا پستو ل اور ریوالور خریدنے کے بعد وہ چار سے پانچ ہزارروپئے زائد قیمت پر مذکورہ اسلحہ فروخت کررہاتھا۔ نیپال میں وہ نام تبدیل کرکے کاربائن کی بھی اسمگلنگ کرچکا ہے۔ پولس گروہ کے دوسرے افراد کی تلاش میں چھاپہ ماررہی ہے۔