لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ حسین گنج پولیس نے آج صبح ایک شاطر گاڑی چوری کرنے والے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے اس کے پاس سے گومتی نگر سے چوری کی گئی ایک کاراور ایک طمنچہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے۔ گرفتار ملزم کے گروہ کے تین افراد مفرور ہیں جبکہ مڑیاؤں پولیس نے چوری کے ڈالہ کے ساتھ ایک گاڑی چوری کرنے والے بدمعاش کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم ڈرائیور نے پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کی کوشش ناکام کر دی۔ موصولہ خبر کے مطابق سی او حضرت گنج دنیش یادو نے بتایا کہ حسین گنج پولیس نے آج صبح لوکو تراہے کے قریب سے کار میں سوار نوجوان کو شک کی بنیاد پر گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے جب نوجوان سے گاڑی کے کاغذات مانگے
تو کاغذات نہیں دکھا سکا۔ جامع تلاشی کے دوران پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک طمنچہ اور کچھ کارتوس برآمد کئے۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے بتایا کہ برآمد کار اس نے دو دن قبل گومتی نگر علاقہ سے چوری کی تھی۔ ملزم نے اپنا نام اٹاوہ کا باشندہ کشمیر سنگھ بتایا۔ ملزم نے گومتی نگر علاقہ میں کچھ ماہ قبل ایک کاراور دو موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا اقبال جرم کر لیا ہے۔ کشمیر سنگھ نے اپنے تین دیگر ساتھیوں سومیش، راکی اور سدھیر کے نام بھی بتائے ہیں۔ انسپکٹر مڑیاؤں رگھویر سنگھ نے بتایا کہ انجینئرنگ کالج چوراہے کے قریب پولیس گشت کررہی تھی اسی دوران پولیس نے ڈرائیور کو روکنے کیلئے کہا۔ پولیس کو دیکھ کر ڈالہ ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار تیز کر دی اور بھاگنے کی کوشش کرنے لگا۔ سپاہیوں نے ڈالہ ڈرائیور کو کچھ فاصلے پر پیچھا کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنا نام مرادآباد کے باشندہ پرویز رسول بتایا۔ پرویز نے اس بات کا اقبال جرم کیا کہ ڈالہ بھی چوری کیا ہوا ہے۔