طویل عرصے سے پولیس کررہی تھی تلاش
لکھنؤ۔(نامہ نگار)گاڑی چوروں کے لئے جعلی آر سی بنانے والے جعل ساز کو ناکہ پولیس نے بدھ کو کانپور ضلع سے گرفتار کیا۔ ملزم کا ایک گروہ ہے جو گاڑی چوری کی واردات انجام دیتاہے اور ملزم انکے لئے جعلی آر سی تیار کرنے کا کام کرتاتھا اس کے بعد یہ لوگ چوری کی گاڑیوں کو نیلامی کی بتاکر فروخت کردیا کرتے تھے۔ ایس پی مغرب اجے کمار مشر نے بتایا کہ کچھ دن قبل ناکہ پولیس نے گاڑی چوروں کے ایک گروہ کو پکڑاتھا یہ لوگ چوری کی گاڑیوں کو نیلامی کی بتاکر فروخت کرتے تھے۔ صرف اتنا ہی نہیں چوروں کا یہ گروہ جعلی آر سی بھی بنوانے کاکام کرتا تھا۔ گاڑی چوروں کے پکڑنے کے بعد ناکہ پولیس جعلی آر سی بنانے والے کی تلاش کررہی تھی۔ تفتیش کے دوران ناکہ پولیس کو اس بات کا پتہ چلا کہ چوری کی گاڑیوں کے جعلی کاغذات کانپور کے نواب گنج کا دھیریندر کمار تیار کرتاہے۔ اس کے بعد بدھ کی رات ناکہ پولیس کانپور پہنچی اور ملزم دھیریندر کما ر کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے بتایا کہ وہ کورٹ کیمپس میں قلم فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔ اسی کے ساتھ گاڑی چوروں کے لئے جعلی آر سی بھی بناتاہے۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے اب تک درجنوں چوری کی گاڑیوں کے پیپر بنائے ہیں۔ ملزم پہلے بھی اسی معاملے میں کانپور سے بھی جیل جاچکاہے۔