لکھنؤ: حسن گنج برولیا منکا میشور محلہ میں رہنے والے ایک پرائیویٹ کمپنی کے کلرک کے گھر سے ان کے ہی کرائے دار نے زیورات چوری کر لئے۔ جمعرات کو حسن گنج پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے چوری کے زیورات برآمد کر لئے۔ ایس پی گومتی پار حبیب الحسن نے بتایا کہ منکا میشور محلہ کے رہنے والے کرشن گوپال کشیپ گومتی نگر واقع ایگریکلچر مارکیٹنگ اینڈ فارن ٹریڈ نام کی ایک کمپنی میںکلرک ہے اس کے مکان میں گوسائیں گنج کا سندیپ کشیپ کرائے پر رہتا تھا۔ سندیپ زردوزی کا کام کرتا ہے گذشتہ ۰۲فروری کو کرشن گوپال کے گھر سے زیورات چوری ہو گئے اس معاملہ میں حسن گنج کوتوالی میں چوری کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی۔ گرشن گوپال نے اپنے کرائے دار سندیپ پر چوری کا شک ظاہر کیا۔ پولیس نے جب تفتیش شروع کی تو ملزم سندیپ فرار ہو گیا۔ اس درمیان سندیپ نے چوری کے ہی ایک معاملہ میں خفیہ طریقے سے عدالت میں خودسپردگی کر دی۔ تقریباً ۵۱دن جیل میں رہنے کے بعد چھ دن قبل ہی وہ ضمانت پر رہا ہوکر آیااس کے بعد سندیپ کرشن گوپال کے گھر سے چوری کئے گئے زیورات فروخت کرنے کا منصوبہ بنارہا تھا۔ اس بات کی اطلاع حسن گنج پولیس کو مل گئی۔ جمعرات کی شب حسن گنج پولیس نے ندوہ کے نزدیک سے ملزم سندیپ کو گرفتارکر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے کرشن گوپال کے گھر سے چوری کئے گئے زیورات برآمد کر لئے جن کی قیمت لاکھوں میں بتائی جا رہی ہے۔
پوچھ گچھ میں ملزم نے بتایا کہ اس کی ایک محبوبہ ہے اور اسی کی خواہش پوری کرنے کیلئے اس نے مکان مالک کے گھر چوری کی واردات انجام دی تھی۔