لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ملیح آباد علاقہ میں ایک چوکیدار کی لاش ریلوے لائن پر پڑی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوکیدار کی ٹرین کی زد میں آنے کے سبب موت ہو گئی ہے۔ ملیح آباد کے دلاور نگر کا باشندہ چالیس سالہ رام چندر دھانک گاؤں کا چوکیدار تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ برس قبل وہ اپنی جائیداد فروخت کر کے کاکوری کے املیا گاؤں میں مکان بنواکر رہ رہا تھا۔ رام چندر دھانک شراب کا عادی تھا۔ اس کے کنبہ میں صرف ایک بیٹا نریش ہے بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی شام کو رام چندر دلاور نگر گاؤں گیا تھا ۔ جمعرات کی صبح لوہیا پلیا کے نزدیک بنی ریلوے لائن پر اس کی خو ن سے لت پت لاش پڑی ملی۔ دیہی باشندوں نے جب چوکیدار کی لاش دیکھی تو اس کی اطلاع ملیح آباد پولیس کو دی۔ خبر پاکر موقع پر پولیس اور چوکیدار کا بیٹا نریش بھی پہنچ گیا۔ تفتیش کے بعد پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوکیدار کی ٹرین کی زد میں آنے سے اس کی موت ہو ئی ہے۔