لکھنؤ(نامہ نگار)کے جی ایم یو کے ٹراما سینٹر اور اسکے اطراف سے مریضوں وتیمارداروں کی گاڑیاں چوری کرنے والے دو گاڑی چوروں کو گذشتہ شب چوک پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ پکڑے گئے گاڑی کے دو دیگر ساتھی ہنوز فرار ہیں۔
سی او چوک سرویش کمار مشرا نے بتایا کہ اتوار کی رات پکاپل کے نزدیک جانچ کے دوران ایک موٹرسائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو پکڑا شک ہونے پر پولیس نے سختی سے پوچھ گچھ کی تو ملزمان نے بتایا کہ مذکورہ موٹرسائیکل چوری کی ہے۔ ملزمان نے اپنا نام بارہ بنکی کا اجے کمار مشرا اورسیتاپور کا بھانو مشرا بتایا۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں کی نشاندہی پر سیتا پور کے سدھولی علاقہ میں رکھی گئی چوری کی سات موٹر سائیکلیں بھی برآمد کیں۔ملزمان نے بتایا کہ وہ لوگ صرف
ٹراما سینٹراور اس کے آس پاس ہی موٹرسائیکلیں چوری کرتے تھے اور چوری کی موٹرسائیکلیں بارہ بنکی کے سشیل اور لکھیم پو رکے اعجاز کو دے دیا کرتے تھے اور یہ لوگ چوری کی موٹرسائیکلیں فروخت کر دیتے تھے۔ چوک پولیس اب سشیل اور اعجاز کی تلاش کر رہی ہے۔
تفتیش کے دوران برآمد چار موٹر سائیکلوں کے بارے میں پولیس کو پتہ چلا ہے جبکہ دیگرموٹرسائیکلوں کے مالکان کے بارے میں پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ چند روز قبل بخشی کا تالاب علاقہ میں گولی لگنے سے زخمی وکیل اعتماد حسین کے بہنوئی کی بھی موٹرسائیکل ان چوروں نے غائب کر دی تھی برآمد موٹر سائیکلوںمیں ایک موٹرسائیکل ان کی بھی ہے۔