لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اکھل بھارتیہ ادیوگ ویاپار منڈل کے صدر اور وزیر ریاست کا درجہ حاصل کرنے والے سندیپ بنسل کی قیادت میں سیکڑوں تاجروںنے چوک چوراہے سے کونیشور چوراہے تک پیدل یاترا کی۔ یاترا میں لکھنؤ سے ایس پی امیدوار اشوک باجپئی نے بھی شرکت کی۔ تاجروں کو خطاب کرتے ہوئے بنسل نے کہا کہ تاجر سماج جب سیاسی پارٹیوں کے دور اقتدار کا موازنہ کرے گا تو اسے کام کرنے اور تاجروں کو عزت دینے کے معاملہ میں ایس پی ہی پہلے مقام پر نظر آئے گی۔ بنسل نے تاجر طبقہ سے متحد ہوکر ایس پی کے حق میں اسمبلی الیکشن کی طرح ووٹ دینے کی اپیل کی۔ چوک علاقہ کے صدر ابھیشیک کھرے انشو، جنرل سکریٹری نرنجن شرما، خازن اتکرش اگروال، تاجر لیڈر بنٹی دھون کے ساتھ سیکڑوں تاجروں نے دکانوں پر جاکر حکومت کے ۲۳ مہینوں کی کارگزاری سے متعلق پمفلٹ تقسیم کیا۔ بنسل کے تاجروں کے ساتھ پیدل یاترا کرنے سے چوک کے علاقہ کا ماحول ایس پی کے حق میں ہو گیا۔ تاجروں کا پیدل مارچ کل دوپہر ایک بجے قیصر باغ میں نکالا جائے گی۔