لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ سال نو کی آمد سے ایک دن قبل ہی سپلائی محکمہ نے گھریلو گیس سلنڈروں کی کالا بازاری پر بڑا انکشاف کیا ہے۔ محکمہ کی ٹیم نے عیش باغ واقع ایک احاطہ میں چھاپہ مار کر بائیس گھریلو سلنڈر برآمد کئے ہیں اس کے علاوہ موقع سے ۷ سائیکلیں، چار اسپرنگ بیلنس اور چار ریفیلر بھی برآمد کئے ہیں۔ محکمہ کی جانب سے یہ کارروائی اے ڈی ایم سپلائی او پی رائے کی ہدایت پر کی گئی ہے۔
ٹیم میں شامل راجہ جی پورم کے ریجنل فوڈ افسر وشو ناتھ یادو نے بتایا کہ کافی عر
صہ سے اس علاقہ میں غیر قانونی ریفلنگ کی اطلاع مل رہی تھی۔ منگل کی صبح اے ڈی ایم کی ہدایت پر سپلائی محکمہ کی ٹیم نے عیش باغ واقع اس احاطہ میں چھاپہ مارا۔ چھاپہ کے دوران یہاں سے بائیس گھریلو گیس سلنڈروں کے علاوہ ریفلنگ کا سامان بھی ملا۔ اس کے علاوہ موقع سے سات سائیکلیں جن سے سلنڈروں کی ڈیلیوری کی جاتی تھی ضبط کی گئی ہیں۔ مسٹر یادو نے بتایا کہ چھاپہ کے دوران چھ لوگ بھی ملے جو اس کام میں ملوث تھے۔ سبھی چھ لوگوں کے خلاف دفعہ ۷؍۳ کے تحت ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔ پکڑے گئے لوگوں میں بابو لال ولد رام سوروپ ساکن بالا گنج، ببلو ولد جئیش چندر ساکن حیدر گنج، سجیت کمار ولد رام کمار کیمپویل روڈ ، وکی ولد رام کشن دھنیا مہری پل راجہ جی پورم اور راجو ولد برج لال بزازہ کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپہ کی کارروائی کی پوری رپورٹ بناکر ضلع مجسٹریٹ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ چھاپہ مارنے پہنچی ٹیم میں ریجنل فوڈ افسر چوک منوج اتم، وشو ناتھ یادو، سمت کمار، آر کے شرما اور سپلائی انسپکٹر یحییٰ گنج گیتا ترپاٹھی اور رام بابو شامل تھے۔
سپلائی محکمہ کے چھاپہ میں عیش باغ واقع راکیش جیسوال کے احاطہ سے برآمد بائیس سلنڈر، سات سائیکلیں اور غیر قانونی ریفلنگ میں استعمال ہونے والے سامان کو مرتنیوجے گیس ایجنسی کو سونپا گیا ہے۔