لکھنؤ۔ (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے نسبندی کیمپ میں ہلاک ہونے والی خواتین کیلئے راست طور پر چھتیس گڑھ حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وہاں کے وزیر صحت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے آج یہاں جاری بیان میں کہاکہ نسبندی کیمپ میں بیشتر دلت اور آدی واسی خواتین کا آپریشن کیا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ انتہائی لاپروائی اور بے حسی کی وجہ سے یہ خواتین ہلاک ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس کیلئے چھتیس گڑھ حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور وہاں کے وزیر صحت کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ حال ہی میں چھتیس گڑھ میں ایک نسبندی کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کیمپ میں لاپروائی کے سبب تیرہ خواتین کی موت ہوگئی تھی۔