بالی: انڈرورلڈ ڈان چھوٹا راجن کو انڈونیشیا کے بالی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازیں منسوخ ہونے کے سبب آج بھی ہندوستان نہیں بھیجا جا سکا۔ہوائی اڈے کے حکام نے بتایا کہ آتش فشاں دھماکے کی وجہ بالی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو منگل کو ہی بند کر دیا گیا ہے اور فی الحال یہاں سے جمعرات کی صبح تک پروازیں شروع نہیں ہو سکیں گی۔چھوٹا راجن کو ایک پرواز سے ہندستانی وقت کے مطابق کل رات سات بجے ممبئی بھیجا جانا تھا لیکن بالی ہوائی اڈے بند ہونے کی وجہ سے اسے نہیں بھیجا جا سکا تھا۔ اسکے بعد امید تھی کہ اسے آج صبح بھیجا جائے گا لیکن پروازیں شروع نہ ہو پانے کی وجہ ایسا نہ ہو سکا۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، ممبئی پولیس اور دہلی پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم چھوٹا راجن کو لانے بالی پہنچی ہوئی ہے ۔دریں اثنا چھوٹا راجن نے بالی میں جیل سے باہر نامہ نگاروں سے بات چیت میں الزام لگایا ہے کہ ممبئی پولیس کے کچھ حکام اور انڈرورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کے درمیان ساز باز ہے ۔ اس نے کہا کہ ممبئی پولیس کے کچھ اہلکار داؤد کیلئے کام کرتے ہیں اور حکومت کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ اس نے کہا کہ اسے داؤد سے کوئی خوف نہیں ہے اور وہ داؤد اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا۔ اس نے الزام لگایا کہ ممبئی پولیس نے اس پر بہت ظلم کئے ہیں۔ یہ پوچھنے پر وہ ممبئی جانا چاہتا ہے یا دہلی، چھوٹا راجن نے کہا ‘اس کا فیصلہ مرکزی حکومت کو کرنا ہے ۔ حکومت مجھے کہیں بھی رکھ سکتی ہے ، لیکن میرے ساتھ انصاف ہونا چاہیے ۔ مجھ پر سارے مقدمے جھوٹے ہیں’۔ واضح رہے کہ 55 سالہ چھوٹا راجن پر قتل، جبری وصولی اور اغوا کے تقریباً 75 مقدمے ہیں۔ اسے 26 اکتوبر کو انڈونیشیا کے بالی میں گرفتار کیا گیا تھا۔