کراچی: قومی ٹی ٹوئنٹی کے کپتان شاہد آفریدی نے دورہ بنگلہ دیش ملتوی کرنے پر آسٹریلیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دوروں پر بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے تو معمولی وجوہات پر دورہ منسوخ نہیں کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بنگلہ دیش کا مختصر دورہ کرنا تھا لیکن سیکیورٹی خدشات کے سبب دورے کو ملتوی کردیا گیا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن نے کہا تھا کہ ہم نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے تھے، دنیا کے متعدد ملکوں کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے لیکن اس سے کرکٹ کو نہیں رکنا چاہیے۔آفریدی نے پیر کو پاکستانی اور بنگلہ دیشی ویمن کرکٹ ٹیم سے ملاقات کیلئے کراچی پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتہائی سخت تھی لیکن معمولی مسائل کی وجہ سے دورہ منسوخ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، ہندوستان اور سری لنکا کو تھوڑے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس طرح کے سیکیورٹی خدشات کا مقابلہ کرنا چاہیے کیونکہ عالمی ٹیموں کے پاکستان نہ آنے سے ہمیں بہت نقصان ہوا ہے۔مارچ 2009 میں پاکستان کے دورے پر آئی سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔
تاہم رواں برس مئی میں زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی اور بڑی ٹیموں کے دورے کی موہم سی امید پیدا ہوئی تھی۔ابتدا میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کا دورہ پاکستان بھی مشکل نظر آتا تھا لیکن بعد میں بنگلہ دیشی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت دے دی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بنگلہ دیش کا اپنی ٹیم دورہ پاکستان پر بھیجنا خوش آئند ہے، ہمارا ملک مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے کرکٹ بحال ہو جائے گی اور ہم ویمن ٹیم بھیجنے پر بنگلہ دیشی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ بنگلہ دیش کی مردوں کی ٹیم کے دورہ پاکستان سے قبل پہلا اچھا قدم ہے۔اس موقع پر ٹی ٹوئنٹی کپتان نے بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
آفریدی نے کہا کہ خواتین کو اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھنا خوش آئند ہے اور میں دونوں ٹیموں کو مسابقتی کرکٹ کھیلنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سابق بنگلہ دیشی اوپنر اطہر علی خان نے کہا کہ آفریدی کے دورے ہماری ویمن ٹیم کی خاصی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور یہ آخری میچ میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری میں مددگار ثابہ ہو گا۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 2-0 سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا تھا۔
دو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی پاکستان کو 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جبکہ آخری میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔