راج شری پروڈکشن کے بینر تلے انیس سو نواسی میں منظرعام پر آنے والی سپر ہٹ فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے راتوں رات بالی ووڈ میں قدم رکھ کر اپنی چمک بکھیرنے والی بھاگیہ شری کی ستائیس سال بعد پھر سے چھوٹے پردے پر واپسی ہو رہی ہے۔ حالانکہ جس طریقے سے بھاگیہ شری نے بالی ووڈ میں قدم رکھا اور اپنے پہلے ہی سپرہٹ فلم سے بلندی پر نظر آنے لگی اس بلندی کو آگے بھی برقرار نہیں رکھ پائیں۔ ان کا فلمی کیریئر زیادہ لمبا نہیں کھنچ پایا اور وہ کچھ فلموں میں کام کرنے کے بعد بڑے پردے سے دور ہو گئیں۔ اب وہ ستائیس سال بعد ایک بار پھر سے چھوٹے پردے پر سرگرم ہو رہی ہیں۔ دراصل ستائیس سال پہلے بھاگیہ شری نے اپنا کیریئر چھوٹے پردے سے امول پالیکر کی ’کچی دھوپ‘ سے شروع کیا تھا۔ وہ لائف اوکے پر دکھائے جانے والے سیریل ’لوٹ آؤ ترشا‘ میں کام کر رہی ہیں۔ چھوٹے پردے پر ایک بار پھر سے کام کرکے وہ بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں یہاں کام کرتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ فلموں میں ہی کام کر رہی ہیں۔ فلموں سے دور رہنے کے معاملے میں بھاگیہ شری کا کہنا ہے کہ وہ فلموں سے کبھی دور نہیں رہی بلکہ وہ جیسی فلمیں چاہتی تھیں ویسی نہیں ملی اس لئے وہ ہندی فلموں سے دور ہوتی گئی لیکن اس دوران انہوں نے ساؤتھ کی کچھ فلمیں کی اور کچھ غیر ملکی پروجیکٹ بھی ان کے ہاتھ لگے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر کوئی فلم ایسی ملے جیسی وہ چاہتی ہیں تو اسے کرنے سے وہ کبھی پیچھے نہیں رہیں گی۔ فی الحال وہ اپنے کو چھوٹے پردے پر سرگرم رکھ کر فلموں میں کام کرنے کا لطف اٹھا رہی ہیں۔