لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ حسن گنج کے مدح گنج میں رہنے والے ایک اے سی کارخانہ کے میکینک پر ہوس کا بھوت ایسا چڑھا کہ اس نے اپنے پڑوس میں رہنے والے چھ سال کے معصوم کو اپنی ہوس کا شکار بنا لیا۔ جمعہ کو ملزم نے بچے کے ساتھ یہ گھناؤنی حرکت کی۔ ڈر کے سبب بچے نے واقعہ کی اطلاع کسی کو نہ دی۔ اتوار کو پھر اس نے اسے اپنی ہوس کا شکار بنایا ۔ تب اس نے اپنی ماں کو ساری بات بتائی۔ ماں بچے کی بات سن کر حیران رہ گئی اور حسن گنج پولیس چوکی میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے آناً فاناً میں ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا۔ حسن گنج کوتوالی انچارج دنیش سنگھ نے بتایا کہ مدح گنج علاقہ میں سیتاپور کا رہنے والا سریش کرائے کے مکان میں رہتا تھا جو اے سی کی مرمت کا کام کرتا تھا۔ جمعہ کو سریش پڑوس کے ایک طالب علم کو جو درجہ تین کا طالب علم تھا،لالچ دے کر اپنے کارخانہ لے گیا۔ ملزم نے بچے کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔ ملزم نے بچے کو منھ بند رکھنے کی دھمکی بھی دی جس کی وجہ سے اس نے گھر والوں سے کچھ نہیں بتایا۔ اتوار کی دوپہر سریش پھر بچے کو اپنے ساتھ کارخانہ لے گیا اور اس کے ساتھ بدفعلی کی۔ واقعہ کے بعد بچہ روتا ہوا اپنے گھر گیا اور اس نے اپنی ماںکو سریش کے بارے میں سب کچھ بتا دیا جسے سن کر اس کی ماں حیران رہ گئی اور حسن گنج کوتوالی جاکر ملزم کے خلاف رپورٹ درج کرائی۔ پولیس نے ملزم سریش کے خلاف رپورٹ درج کر لی
اور اسے گرفتار کر لیا۔