لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے تمام منطقائی کمشنروں پولیس جنرل ڈائریکٹروں، پولیس ڈی جی پی، ضلع مجسٹریٹوں اور سینئر پولیس سپرٹنڈنٹوں کو ہدایت دی ہے کہ دیوالی، محرم اور چھٹ تہوار کے موقع پر امن بنائے رکھنے کیلئے ضروری بندوبست کرا لیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کو نشانزدکر کے ضروری انتظامات ہر حالت میں پورے ہونے چاہئے۔ کسی بھی علاقہ میں اگر کوئی ناخوشگوار واردات ہوئی تو متعلقہ افسران کی ذمہ داری طے کر کے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ مذہبی تہواروں کو بہتر طریقہ سے منانے کیلئے تمام فرقوں کے با اثر لوگوں کے ساتھ جلسے منعقدکرکے مسائل کا تصفیہ جلد کرالیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی تہواروںپر بہتر صفائی انتظامات کے ساتھ ساتھ بجلی، پا
نی وغیرہ کی کافی مقدار میں سپلائی ہونی چاہئے۔ چیف سکریٹری آج یوجنا بھون میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منطقہ و ضلع سطح کے متعلقہ افسران کو ہدایت دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مواقع پر کچھ شرپسند عناصر کے ذریعہ فرقہ وارانہ خیر سگالی بگاڑنے کی کوشش کی جا سکتی ہے جس کے پیش نظر ضروری ہے کہ ریاست میں امن، چین اور فرقہ وارانہ خیر سگالی کا ماحول بنائے رکھنے میں ہر سطح پر بیداری بنائی رکھی جائے۔مسٹر رنجن نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کو ایمرجنسی کھولے جانے کی ہدایت دی جائے۔ اسپتالوں میں مناسب دوا وغیرہ مہیا رہے۔ خاص طور پر آنکھوں اور برن یونٹ کے ماہرین موجود رہیں ۔ساتھ ہی ساتھ جن سرکاری اور نجی اسپتالوں میں برن وارڈ کی فراہمی مہیا ہے ان کی ایک لسٹ بھی کنٹرول روم کو مہیا کرا دی جائے۔ دیوالی کے موقع پر کنٹرول روم بنا رکاوٹ کے چلتے رہیں، میڈیکل اور فائر سروس کا ایک – ایک ماہر دیوالی کی شام سے اگلے دن تک کنٹرول روم تک تعینات رہے۔ محرم میں وقت سے پولیس فورس کی ڈیوٹی لگائی جائے۔ تعزیہ پہلے سے طے شدہ راستوں سے ہی نکالے جائیں اور کوئی نئی روایت و راستہ طے نہ کیا جائے۔ اس سلسلہ میں تمام تعزیہ داروں سے تبادلہ خیال کر لیا جائے۔ تھانہ انچارج حساس علاقوں میں پڑنے والے راستوں کا جائزہ لے لیں۔ حساس علاقوں میں حفاظتی فورس تعینات کی جائے۔ ویڈیو کانفرنسنگ میں چیف سکریٹری داخلہ دیو آشیش پانڈا، ڈی جی پی اے ایل بنرجی، سکریٹری داخلہ کمل سکسینہ اور راجیو اگروال سمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے۔