لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ نظم و نسق کو مزید چست درست بنانے و جرائم پر موثر کنٹرول کے مقصد سے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کے سابق قائم کنٹرول روم کو جدید خصوصیات سے آراستہ مرکزی ڈیجیٹل مواصلاتی نظام سے لیس کیا گیاہے۔اس سے ضلع و پولیس انتظامیہ ریاستی حکومت کے دیگر کارگزار محکموں مرکز اور ملک کی دیگر ریاستوں کے پولیس سربراہوں اور انتظامی محکموں کے درمیان بہتر تال میل قائم ہوسکے گا۔ چیف سکریٹری آلوک رنجن نے آج سکریٹریٹ اینکیسی کی دوسری منزل پر واقع کمرا ۲۰۰ میں جدید تکنیکی سہولیات سے آراستہ داخلہ کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ چیف سکریٹری داخلہ دیوآشیش پانڈا نے بتایا کہ کنٹرول روم میں سی یو جی سم ، پی آر آئی ڈیجیٹل ٹیلیفونس ، فیکس، ای میل ایس ایم ایس کے ذریعہ انتظامی افسران کے درمیان نئے نظام سے اطلاعات کی فوری نشریات ہوسکے گی۔ کنٹرول روم میں ایک آن لائن ٹیلیفون ڈائریکٹری بھی قائم کی گئی ہے جس سے سگنل کلک پر افسرا ن کے ٹیلیفون و موبائل نمبر ڈائل کر کے اہم اطلاعات کوبھیجا جا سکے گا۔ سکریٹری داخلہ کمل سکسینہ نے بتایا کہ اس جدید داخلہ کنٹرول روم میں چار س
ی یو جی نمبر و دو بیسک ٹیلیفون کنکشن دیئے گئے ہیں۔ ان کے ذریعہ سے کسی بھی افسر کوان کے سی یو جی نمبر پر کسی دیگر افسر سے سی یو جی نمبر پر بات کرائے جانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اسی طرح کسی بھی افسر کے بیسک ٹیلیفون نمبر پر کسی دیگر افسر سے بیسک ٹیلیفون نمبر پر بھی بات کرائی جا سکے گی۔ اس بیحد جدید کنٹرول روم میں تقریباً ۸ ہزار ٹیلیفون نمبروں کا ایک ڈاٹا بیس بھی تیار کیا گیا ہے۔ ڈاٹا بیس میں ریاست کے مختلف اضلاع کے علاوہ انتظامیہ و سکریٹریٹ کے افسران اور مرکزی حکومت کے اہم دفاتر و افسران ہائی کورٹ ،سپریم کورٹ ریاستوں کے چیف سکریٹری ڈی جی پی کے نمبر مہیا کئے گئے ہیں ان نمبروں کے کمپیوٹر پر سافٹ ویئر کی مدد سے آپس میں بات کرانے میں بھی مد د لی جائے گی۔