بیجنگ: چینی شہر تیانجن کے کیمیائی گودام میں حادثے کے بعد قریبی علاقوں کے پانی میں سائینائڈ کی مقدار میں ڈرامائی اضافے کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تحفظ ماحول کے مقامی ادارے کے مطابق بارش کے جمع ہونے والی پانی میں اس زہریلے مادے کی قابل قبول مقدار سے ۲۷۷ فیصد زیادہ ہے۔ اس سے قبل طبی حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ تیانجن میں پینے کا پانی ملکی معیار کے عین مطابق ہے۔ سرکاری ادارے شنہوا کے مطابق جل کر راکھ ہونے والے گودام میں ڈھائی ہزار ٹن خطرناک کیمیائی مادہ موجود تھا۔ گزشتہ ہفتے تنانجن میں ہونے والے اس حادثے میں ۱۱۴ افراد ہلاک ہوئے تھے۔