بیجنگ، 6 نومبر:چین کے شانکسی صوبہ میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر کے سامنے آج صبح کئی ہلکے دھماکوں میں ایک شخص ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے یہاں بتایاکہ شانکسی صوبہ کی راجدھانی تائی یوان میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر کے سامنے یکے بعد دیگرے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بم میں دھاتوں کے چھوٹے چھوٹے چھڑوں کا استعمال کیا گیا تھاجس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دیسی بم تھے۔
ژنہوا نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایاکہ کْل سات دھماکے ہوئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آئی تصویروں میں پارٹی دفتر کے سامنے سڑک پر دھواں نظر آ رہا ہے اور کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے ہیں۔ تصاویر میں دفتر کی عمارت صحیح سلامت دکھائی دے رہی ہے۔
فی الحال ان حملوں کے بارے میں حکومت کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن چین میں ایسا حملے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتہ بیجنگ میں بھی ایک کار بم دھماکہ ہوا تھا جس میں کئی افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ چینی حکومت نے اس حملے کے لئے اسلامی انتہاپسندوں کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔