ٹوکیو:چین نے جاپان کے دو شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا ہے لیکن جاپان نے چین کے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے شہریوں نے چین یا کسی دیگر ملک کی جاسوسی نہیں کی۔ یہ خبر ایک اخبار نے دی ہے ۔جاپانی اخبار آشاہی نے خبر دی ہے کہ چین نے جاپان کے نجی شعبے کے دو اہلکاروں کو کئی ماہ سے قید کررکھا ہے ۔ اخبار کے مطابق ان میں سے ایک کو چین کے شمال مشرقی صوبہ لیا¶ننگ میں شمالی کوریاکی سرحد کے نزدیک حراست میں لیا گیا اور دوسرے کو مشرقی صوبہ ژیجیانگ میں ایک فوجی مرکز کے نزدیک۔جاپان کے چیف کابینی سکریٹری یوشی ہیدی سوگا نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں جاپانی شہریوں کو چین میں قید کئے جانے کی اطلاع ہے لیکن ہم ابھی اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتے ۔ہم اپنے شہریوں کی سیکورٹی کا پورا خیال رکھ رہے ہیں۔