بیجنگ:چین نے امریکہ سے اپنے مغربی صوبے ژن ژیانگ میں اوئی گھور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں مدد کی اپیل کی ہے ۔چین کے حکام کا کہنا ہے کہ مشرقی ترکمانستان اسلامی تحریک (ای ٹی آئی ایم)ژن ژیانگ صوبے کے اوئی گھور مسلمانوں کی تقرری کر کے انہیں دہشت گردی کی تربیت کے لئے شام اور عراق بھیج رہا ہے تاکہ واپس آکر ملک میں مذہبی جنگ چھیڑ سکیں۔
لیکن بہت سے غیر ملکی ماہرین نے چین میں مشرقی ترکمانستان اسلامی تحریک کی موجودگی پر ہی سوال کھڑا کیا ہے ۔چین کے نائب وزیر خارجہ چیانگ گوپنگ اور امریکی محکمہ خارجہ میں انسداد دہشت گردی بیورو کی سفیر ٹینا کایدانوو کے درمیان ملاقات کے بعد چینی وزارت خارجہ نے کل دیر رات کہا“دہشت گردی کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور ہر روز یہ زیادہ پیچیدہ اور سنگین ہو رہا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ مشرقی ترکمانستان اسلامی تحریک سے چین کو سنگین خطرہ ہے ۔ امریکہ اور بین الاقوامی برادری سے اس کے خلاف جنگ میں مدد کی اپیل کی گئی ہے ۔دونوں ممالک نے سائبر دہشت گردی اور تشدد وانتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گردی مخالف انٹیلی جنس کے نظام کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔