چین نےامریکہ کو خبردار کیا ہےکہ وہ اس کی سمندری حدود میں داخل نہ ہو-
ارنا کی رپور ٹ کے مطابق چین کے زیرکنٹرول جزائر کے قریب امریکہ کی جانب سے جاسوسی کے آلات سے لیس جنگی بحری جہاز بھیجنے کے مسئلے پر چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی چین کی سمندری حدود اور جزیروں کے قریب نہ آئیں- چینی وزارت خارجہ نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل میں کشیدگی کو ہوا نہ دے- واضح رہے کہ امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے حال ہی میں اعلان کیا ہےکہ وہ جہازرانی کی آزادی کو یقینی کرنے کے لیے اپنے جنگی بحری جہاز چینی جزائر کے قریب بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جس پر چین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے- چین کاخیال ہےکہ جاسوسی کے آلات کے ساتھ امریکی جنگی بحری جہازوں کی جنوبی بحیرہ چین میں آمد سے علاقے کےحالات اور امن و استحکام خطرے میں پڑ جائے گا- دوسری جانب آسٹریلیا نے امریکہ کی حمایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج کو جنوبی سمندر میں آزاد جہاز رانی کی حمایت کرنی چاہیے- بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی بحیرہ چین آئندہ دنوں کے دوران تنازعات کا گڑھ خاص طور پر چین اور امریکہ کی محاذ آرائی کا مرکز بن جائے گا-