بیجنگ، 15 مئی (یو این آئی) چین کے دورے پر آئے وزیر اعظم نریندر مودی آج یہاں شائع ہونے والے تقریبا تمام ہی اخبارات میں مرکزی مقام پر نظر آ رہے ہیں اور زیادہ تر اخباروں نے مغربی ممالک پر دونوں ایشیائی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کا الزام لگایا۔خاص طور سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے نظریے کو عکاسی کرنے والے روزانہ گلوبل ٹائمز نے “ ہند۔ چین تعلقات مغربی ممالک کے شبہات کو دور کر سکتے ہیں” کے عنوان سے آج شائع ہوئے اداریہ میں لکھا کہ ہندوستان -چین تعلقات ایک بار پھر
سرخیوں میں ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی مغربی ممالک کی جانب سے شبہات بھی سامنے آنے لگے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان چین کے درمیان سطحی دوستی سے دونوں کے درمیان اختلافات کی خلیج کو نہیں پاٹا جا سکتا ہے ۔اداریہ کے مطابق یہ فطری ہے کہ مغربی ممالک نہیں چاہتے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان تعلقات میں بہتری ہو کیونکہ اگر ایسا ہوا تو یہ ایشیا کے مستقبل کو لے کر ان کی فکر کے یہ برخلاف ہوگا۔ اس خطے کی ابھرتی ہوئی طاقتیں ہونے کی وجہ سے ہندوستان اور چین “دوست بنتے ہیں یا دشمن” اس سے سیاست میں مغرب کے مفادات پر گہرا اثر پڑے گا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کاچین کا تین روزہ دورہ کل سے شروع ہوا ہے اور چین کے صدر زی جن پنگ نے امید ظاہر کہ ہندوستانی وزیر اعظم کے اس دورے سے دونوں ہی ممالک کا ایک دوسرے پر انحصار بڑھ سکتا ہے اور دونوں ہی ملک اختلافات کو دور کرکے باہمی تعلقات کو مضبوط بنا سکتے ہے ۔