بیجنگ:چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ”ایک چین” کا اصول بنیاد ہے اور کسی کو بھی اس سے مستثنی نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے فرانسیسی وزیر خارجہ جین مارک آئرولٹ کے ساتھ بات چیت میں کل کہا کہ ”تائیوان کا معاملہ چین کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کا سوال ہے ۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک چین کا اصول دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے شرط اور بنیاد ہے اور جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ یہ صحیح ہے یا غلط کوئی بھی اس سے مستثنی نہیں ہوسکتا۔
مسٹر ای نے مسٹر آئرولٹ کی ایک چین پالیسی پر واضح رخ کو سراہا۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حال ہی میں تائیوان کی صدر سائی انگ وین کے ساتھ فون پر بات چیت کی تھی۔ ٹرمپ نے ایک چین پالیسی پر سوال اٹھائے تھے ۔ قبل ازیں سیاسی مخفالفت کی وجہ سے 1979 سے کسی امریکی رہنما کی تائیوانی لیڈر سے بات چیت نہیں ہوئی تھی۔