چینئی۔جگموہن ڈالمیا کو آج یہاں ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا بلامقابلہ صدرمنتخب کرلیا گیا۔74 سالہ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ڈالمیا اس عہدہ کے لئے نامزدگی داخل کرنے والے واحد امیدوار تھے ۔ نامزدگی کی آخری تاریخ یکم مارچ کو تھی۔ ڈالمیا پہلے بھی بی سی سی آئی کے صدر کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بھی صدر رہ چکے ہیں۔چینئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں بی سی سی آئی کی اے جی ایم میں ڈالمیا کو منتخب کیا گیا ۔ اس میٹنگ کی صدارت بورڈ کے عبوری صدر اور حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ شولال یادو نے کی۔
اس دوران بی سی سی آئی کی میٹنگ میں ڈرامہ دیکھنے کو بھی ملا جب راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدرمحمد عابدی کریم تقریباً ایک گھنٹے بعد میٹنگ سے باہر آئے اور انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ بی سی سی آئی کے معزول صدر اور سکریٹری سنج
ے پٹیل نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی ہے اور انہیں اے جی ایم میں ووٹ ڈالنے کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق سری نواسن اور پٹیل صرف میٹنگ میں اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں اور اس کے علاوہ انہیں اے جی ایم کی کسی کارروائی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ براہ راست عدالت کی توہین کا معاملہ ہے ۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ معاملے میں سری نواسن کو صدر یا پھر آئی پی ایل میں مالکانہ حق والی ٹیم چینئی سپر کنگس میں سے کسی ایک کومنتخب کرنے کے لئے کہا تھا۔ ڈالمیا کو سری نواسن کا قریبی سمجھا جاتا ہے اور سمجھا جارہا ہے کہ اس عہدہ پر ان کا انتخاب یقینی تھا۔اے جی ایم میں دیگر عہدوں کے لئے منتخب افسران درجہ ذیل ہیں۔نائب صدر: جی گنگا رام راجو (ساوتھ زون) ، ٹی سی میتھیو (ویسٹ زون) ، سی کے کھنہ (سنٹرل زون)، گوتم رائے (ایسٹرن زون) اور ایم ایل نہرو (نارتھ زون)۔جوائنٹ سکریٹری: امیتابھ چودھری،خزانچی:انیرودھ چودھری، سکریٹری : انوراگ ٹھاکر۔