لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔غازی پور کے پرتاپ نگر کے رہنے والے ایک ڈالہ ڈرائیور نے جمعہ کی شام گھر میں طمنچہ سے گولی مار لی۔ زخمی ڈالہ ڈرائیور کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ سی او غازی پور وشال پانڈے نے بتایا کہ پرتاپ نگر واقع جھگی جھونپڑی میں ۲۳ سالہ لالہ رام اپنے کنبہ کے ساتھ رہتا ہے۔ لالہ رام ڈالہ چلانے کا کام کرتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کی شام لالہ رام اپنے گھر پر موجود تھا۔ کسی بات کو لیکر لالہ رام کا اپنے گھر والوں سے تنازعہ ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بات اتنی بڑھ گئی کہ لالہ رام نے طمنچہ نکالا اور خودہی اپنی کنپٹی پر گولی مار لی۔ گولی لالہ رام کی کنپٹی سے باہر نکل گئی۔ اچانک گولی لگنے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہو گئے۔ اِدھر گولی چلنے کی خبر پاکرموقع پر غازی پور پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے زخمی لالہ رام کو علاج کیلئے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اب تک کی گئی تفتیش میں پولیس کو اس بات کا پتہ چلا ہے کہ لالہ رام اپنی کمائی کے ایک بھی روپئے گھر والوں کو نہیں دیتا تھا۔ اس بات کو لیکر اس کا اکثر گھر والوں سے جھگڑا بھی ہوتا رہتا تھا۔ فی الحال اس کے کنبہ کے لوگ کچھ بتانے کوتیار نہیں ہیں۔ ایس او غازی پور نویندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ خود کشی میں استعمال طمنچہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس اب اس بات کا پتہ لگا رہی ہے کہ لالہ رام کے پاس ناجائز طمنچہ کہاں سے آیا۔