کانپور (نامہ نگار)میڈیکل کالج میں گزشتہ چاردنوں سے ڈاکٹروں کی ہڑتال کی حمایت میں اسپتال کی نرسیں بھی شامل ہوگئی ہیں ۔ اس سلسلہ میں ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ نرسوں نے مل کر پیدل مارچ نکالا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے چوتھے دن ریاستی حکومت کو بھی نشانہ پر لے لیا گیا۔ ہڑتالی ڈاکٹروں نے رکن اسمبلی اور پولیس کے خلاف پیدل مارچ نکال کر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے بڑی تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا۔
پیدل مارچ کا آغاز میڈیکل کالج کیمپس کے ایل ٹی-۳سے کیا گیا۔ مارچ کے دوران پولیس کی پٹائی سے زخمی میڈیکل طلباء سمیت پرائیویٹ اسپتالوں کے ڈاکٹربھی شامل ہوگئے۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی اور ایس ایس پی کے خلاف نعرے لگائے۔ زخمی جونیئر ڈاکٹر وویک کمارنے بتایا کہ سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی کے اشارہ پر ہی اس کے خلاف کاروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ میڈیکل طالب علم سمیت فیکلٹی رکن اور خاتون ڈاکٹروں کے ساتھ بھی بدسلوکی گئی اس کے باوجود پولیس ۲۶جونیئر ڈاکٹروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا۔ جونیئر ڈاکٹروں نے بلا شرط انہیں چھوڑنے کا مطالبہ کیا اور ایس ایس پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروائی کے بعد ہی ہڑتال ختم کی جائے گی۔