ریاض ۔ بھارت کی اسلامی ریسرچ فائونڈیشن کے صدر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اسلامی خدمت پر سال 2015 کا شاہ فیصل بین الاقوامی ایوارڈ دیا گیا ہے۔
مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل اور انعامی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عبداللہ العثیمین نے الخزیمہ سنٹر میں ہونے والی ایک پروقار تقریب میں انعام جیتنے والے افراد کے ناموں کا اعلان کیا۔
سائنس کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں انعام حاصل کرنے والے دو بین الاقوامی سکالرز جن می
ں امریکا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر عمر مونس یاغی اور سوئٹزرلینڈ کے پروفیسر مائیکل گریٹزل شامل ہیں۔
اسلامک سٹڈیز کے شعبے میں خدمات کا ایوارڈ مدینہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک کنسلٹنٹ ڈاکٹر عبدالعزیز بن عبدالرحمان کاکی کو دیا گیا۔
طب کے شعبے کا انعام امریکا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر جیفری آئیون گورڈن کے نام رہا۔ ہر انعام میں ہاتھ سے تحریر کردہ عربی سرٹیفیکیٹ ہوتا ہے جس میں ایوارڈ جیتنے والے کی خدمات کا ذکر کیا جاتا ہے۔ نیز 24 قیراط اور 200 گرام وزن کا گولڈ میڈل اور ساڑھے سات لاکھ سعودی ریال کا نقد انعام بھی ایوارڈ کا حصہ ہے۔
کسی بھی شعبے میں ایک سے زیادہ افراد کے جیتنے کی صورت میں نقد انعام کو تقسیم کر دیا جاتا ہے۔
ماضی میں پاکستان کے نامور دینی سیاسی رہنما مولانا سید ابو الاعلی مودودی کو بھی ان کی عالم اسلام کے لئے خدمات پر انہیں شاہ فیصل ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔