لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ پارلیمانی حلقہ سے کانگریس کی امیدوار ڈاکٹر ریتا بہو گناجوشی نے اسمرتی اپون پارک و رنگ روڈ پر عوامی رابطہ کے ذریعہ ووٹ مانگے۔ ڈاکٹر جوشی نے شنکر پوروا اول وارڈ کے کلیان پور محلہ میں گووند سنگھ کے ذریعہ منعقد ریلی میں حصہ لیا اور مقامی لوگوں سے اپنی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر جوشی نے ملاحی ٹولہ واقع الماس میریج ہال میں ذیشان حیدر کے ذریعہ دانشوران کے جلسے میں شرکت کی۔ ڈاکٹر جوشی نے پیپر مل وارڈ کے تحت بیکم پور محلہ میں پد یاترا میں شرکت کی۔ ڈاکٹر جوشی نے عرش اعظمی کی رہائش گاہ پر دانشور طبقہ کا ایک جلسہ منعقد کیا۔ انہوں نے دانشوران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں میں لکھنؤ کی ترقی کے نام پر یہاں کے عوام کو دھوکہ دیاگیا ہے جبکہ گزشتہ بیس برسوں سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ، میئر و رکن اسمبلی مسلسل انتخابات میں کامیاب ہوتے آرہے ہیں۔ ڈاکٹر جوشی نے کہا کہ ۱۹۹۳ء میں لکھنؤ کے ایک اسمبلی حلقہ میں حکومت میں وزیر رہتے ہوئے مہونہ سے الیکشن لڑا تھا جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے بعد انہوں نے مہونہ یا لکھنؤ کی طرف پلٹ کر نہیں دیکھا۔
ان کی یہ پرانی فطرت ہے کہ وہ جہاں سے ایک مرتبہ الیکشن لڑتے تھے کامیاب یا ناکام ہونے کی صورت میں اس علاقہ میں نہیں جاتے ہیں۔ انہوں نے جلسہ میں موجود لوگوں سے کہا کہ لکھنؤ کے
عوام نے انہیں اگر موقع دیا تو یہاں کی سیور ، پینے کے پانی اور سڑک کے مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔