اسمبلی اسپیکر سمیت متعدد وزراءنے ڈاکٹر کلام کو پیش کیا خراج عقیدت
لکھنو ¿:اسمبلی اسپیکر ماتاپرساد پانڈے، اترپردیش قانون ساز اسمبلی کے چیئر مین گنیش شنکر پانڈے ، وزیر پارلیمانی امور محمد اعظم خاں ، وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو نے ملک کے سابق صدر جمہوریہ اور عظیم سائنسداںڈاکٹراے پی جے عبدالکلام کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیاہے۔ ریاست کے کابینی وزیر راج کشور سنگھ ، پارس ناتھ یادو ، راجہ مہیندر اریدمن سنگھ، امبیکا چودھری ، رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا، اودھیش پرساد، درگا پرساد یادو، شری نارد رائے، برہما شنکر ترپاٹھی، راجیندر چودھری، اقبال محمود ، رما مورتی ورما، ڈاکٹر منوج کمار ورما، شیو کمار بیریا اس کے ساتھ وزیر مملکت آزاد چارج ارونا کماری کوری، وزیر مملکت کیلاش چورسیا، راجیو کمار سنگھ، مان پال سنگھ ورما، نریندر سنگھ ورما، رام مورتی سنگھ ورما، یاسر شاہ ، ریاستی پچھڑا طبقہ کمیشن کے صدر رام آسرے وشو کرما،درج فہرست ذات وقبائل کمیشن کے صدر رام دلار راجبھر اور ای آر آئی محکمہ کے صلاح کار مدھوکر جیٹلی نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوںنے ڈاکٹر عبد الکلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کلام اپنے علم ، سادگی اور اعلیٰ آدرشوں کے سبب ملک کے باشندوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں اسمبلی اسپیکر نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ایک اچھے مقرر ، عظیم سائنسداں اور ایک بے حداچھے سماجی کارکن اور مفکر تھے۔ انہوںنے اپنی زندگی میں سائنس کے شعبے میں مختلف تحقیقی کارنامے انجام دئے۔ جس کے سبب ان کی پہچان میزائل مین کے طور پر ہوئی۔
صدر جمہوریہ کے عہدے پر رہتے ہوئے ڈاکٹر کلام نے جو سادگی ، ایمانداری اور قوم کے تئیں جو پیار ظاہر کیا اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتاہے۔ گنیش شنکر پانڈے نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روح کی تسکین کے لئے دعا کی۔ مسٹر پانڈے نے مرحوم ڈاکٹر کلام کے انتقال کو ناقابل تلافی نقصان بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت رتن سے سرفراز اور میزائل مین کے طور پر مشہور ڈاکٹر کلام کے ذریعہ کئی اہم عہدوں پر رہتے ہوئے اور ملک کے صدر جمہوریہ کی شکل میں ملک اور سماج کو دئے گئے اہم تعاون ہمیشہ یاد رہیں گے۔