لکھنو ¿:گورنر رام نائک نے آج گورنر ہاوس کے گاندھی جلسہ گاہ میں ہندوستان کے سابق صدر جمہوریہ اور بھارت رتن ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے تصویر پر گلپوشی کرکے اپنی اور ریاست کے باشندوں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔ گورنر نے خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر کلام کے انتقال سے پورا ملک غم میں ڈوب گیا ہے۔ ڈاکٹر کلام غریب کنبہ سے تعلق رکھتے تھے ۔ جنہوںنے اپنے دم پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے سائنسداں کے طور پر کام کرنا شروع کیا۔ڈاکٹرکلام کی ہدایت میں ملک میں میزائل کی تعمیر ہوئی اور ایٹمی تجربے کئے گئے۔
ڈاکٹر کلام کو نوکری میں رہتے ہوئے ان کے اہم تعاون کے لئے پدم وبھوشن دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر کلام پہلے صدر جمہوریہ تھے جن کا نہ تو سیاست اور نہ کسی پارٹی سے کوئی تعلق تھا۔ مسٹر نائک نے کہا کہ ڈاکٹر کلام اتنے اعلیٰ عہدے پر رہنے کے بعد بھی بچوں اور دیگر لوگوںسے اتنے خوش اخلاقی سے ملتے اور بات کرتے تھے کہ انہیں بتانا پڑتا تھا کہ وہ صدر جمہوریہ ہیں۔ میرے گورنر بننے کے بعد ان سے یہاں دومرتبہ ملاقات ہوئی۔ دہلی سے آتے وقت ڈاکٹر کلام اپنی لکھی کتاب میرے لئے لائے تھے۔ ریاست میں سولر پاور کے ایک پروجیکٹ کے پروگرام میں لکھنو ¿ آئے تھے۔
گورنر نے کہا کہ ان کی شخصیت کی اونچائی ہمالیہ کی اونچائی جیسی ہے توان کا علم سمندر کی گہرائی سے بھی زیادہ ہے۔ ڈاکٹر کلام کو سچا خراج عقیدت ان کے آدرشوںپر چل کر ملک کا اچھا شہری بن کر ہوگا۔ انہیں بھارت رتن کا اعزاز ملا۔ ایسی شخصیت اب ہمارے درمیان نہیں ہے۔ ان کی موت کنبہ کا نہیں بلکہ پورے ملک کا خسارہ ہے۔ گورنر سمیت تمام افسران اور ملازمین نے ڈاکٹر کلام کی روح کی تسکین کےلئے دو منٹ کا سکوت رکھا۔