نئی دہلی۔ (یو این آئی) امریکی صدر بارک اوبامہ نے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام کے انتقال پر رنج و غم اور ہندوستان کے عوام کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کے دور میں ہندوستان امریکہ کے تعلقات میں غیر معمولی اضافہ اور دونوں ممالک کے درمیان خلائی میدان میں تعاون بڑھا۔
مسٹر اوبامہ نے یہاں بھیجے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سابق صدر ڈاکٹرکلام کے انتقال پر امریکہ کے عوام کی طرف سے وہ ہندوستان کے لوگوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک سائنس داں اور سیاستدان کے طور پر ڈاکٹرکلام ملک کے سب سے کامیاب لیڈر بنے اور ملک بیرون ملک انتہائی شہرت حاصل کی۔امریکی صدر نے کہا کہ ہند امریکہ کے مضبوط تعلقات کے پیروکار ڈاکٹر کلام نے دونوں ممالک کے خلائی پروگراموں کے درمیان تعاون میں اضافہ اور ۱۹۶۲ میں امریکہ کے دورے کے دوران ناسا کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔
ہندوستان کے ۱۱ ویں صدر کے طور پر ان کے دور میں ھند امریکہ تعلقات میں بے مثال اضافہ ہوا۔ عوامی کے صدر کے نام سے مشہور ہوئے ڈاکٹرکلام ایثار کے انداز سے عوامی خدمت کرتے ہوئے لاکھوں ہندوستانیوں کے لئے موجب تحریک بنے اور دنیا بھر سے تعریف پائی۔ امریکی کے سفیر رچرڈ ورما نے کل ۱۰ راجاجي راستے پر جاکر ڈاکٹرکلام کی جسد خاکی پر مسٹر اوباما کی جانب سے خراج عقیدت پیش کئے تھے ۔