اپنے دوست کی جگہ دے رہا تھا امتحان
لکھنو: سروجنی نگرکے بجنورواقع ایک نجی اسکول میں اتوار کومنعقد ڈاک محکمہ کے امتحا ن میں کمرہ انسپکٹر نے ایک جعلسازکو پکڑ لیا۔ کمرہ انسپکٹر کی تحریرپر پولیس نے ملزم نوجوان کے خلاف معاملہ درج کرکے جیل بھیج دیا۔ سروجنی نگر کے بجنور واقع ایل آئی ٹی اسکول میں اتوار کو ڈاک محکمہ کے ذریعہ مقابلہ جاتی امتحان منعقد ہوا تھا۔ جہاں امتحان دے رہے امیدوار وجے کمار کے داخلہ کارڈ کی جانچ کرنے پر امتحان انسپکٹر آشو توش کو اس کا داخلہ کارڈ مشتبہ لگا۔ شک ہونے پر امتحان انسپکٹر نے اس کے داخلہ کارڈ کی آن لائن جانچ کی جانچ میںپتہ چلا کہ جعلساز کسی دوسرے کی جگہ بیٹھ کر امتحان دے رہا ہے۔ بعد میں اس سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو نوجوان نے بتایا اس کا نام راہل کمار اگروال ہے۔ اور وہ اپنے دوست وجے کمار کی جگہ پر امتحان دینے آیا تھا۔