آگرہ۔ (بھاشا)۔ اترپردیش کے آگرہ میں ایک آٹو رکشا ڈرائیور نے اپنی امریکی بیوی کو کل رات مبینہ طور پر چاقو مار کر قتل کر دیا اور اس کے بعد خود کشی کر لی۔ ایس ایس پی شلبھ ماتھر نے بتایا کہ ۳۲ سالہ آٹو رکشا ڈرائیور بنٹی کا اپنی بیوی ایریانے ولنگر (۳۵) سے جھگڑا ہو گیا تھا جس کے بعد اس نے اس کا قتل کر دیا اور بعد میں اپنے کمرے میں خود کو آگ لگاکر خود سوزی کر لی۔ بنٹی اور ایریانے کی ملاقات گزشتہ برس جولائی میں ہوئی تھی جب وہ آگرہ گھومنے آئی تھی۔ انہوں نے گیارہ اکتوبر کو عدالت میں شادی کی جس کے بعد وہ شہر کے شہید نگر کالونی میں ساتھ رہنے لگے لیکن جلد ہی دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہونے لگے اور دونوں نے الگ رہنا شروع کر دیا۔ ایریانے تاج گنج میں اور بنٹی سنجے نگر میں رہ رہا تھا۔ علیحدگی کے بعد ایریانے نے
یہ معاملہ سیاحتی پولیس کے پاس درج کرایا۔ کنبہ عدالت میں معاملہ درج کیا گیا حالانکہ ایسا بتایا جاتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے ملتے رہے۔ بنٹی کل ایریانے کو اپنے آٹو رکشا سے ٹکر روڈ لے گیا تھا۔ بنٹی نے سنسان جگہ پر ایریانے کو چاقو مارا جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔اس کے بعد اس نے لاش سڑک کے کنارے پھینک دی اور اپنے کمرے میں جاکر خود کشی کر لی۔ پولیس نے بتایا کہ جس چاقو سے ایریانے پر حملہ کیا گیا تھا وہ برآمد ہو گیا ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیاگیا ہے۔