لکھنؤ(نامہ نگار)چنہٹ علاقہ میںمنگل کو انووا کار کی ٹکر سے دو افراد کی موت کے معاملہ میں ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے مطالبہ کے سلسلہ میں لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ لوگ ڈرائیور کی گرفتاری کے ساتھ ہی کار کو بھی برآمد کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرہ کو دیکھ کر پولیس بھی حرکت میں آگئی اور کار کو بھی پولیس نے برآمد کر لیا۔ کار مالک نے حادثہ کی شکار کارکی جگہ دوسری کار پولیس کے حوالے کی تھی۔
چنہٹ واقع ایس ٹی پی پلانٹ کے نزدیک گذشتہ ۴نومبر کو تیز رفتار انووا کار نے موٹرسائیکل سوار تین افراد کو ٹکر مار دی تھی۔ اس حادثہ میں چنہٹ کے راہل اور دلیپ کی موت ہو گئی تھی جبکہ ایک دیگر شخص شدید طور سے زخمی ہے۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور انووا کار سمیت فرار ہو گیا تھا۔جمعرات کو انووا کار برآمد کرنے اور ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے مطالبہ کو لے کر متاثرہ کنبہ نے کوتوالی کا گھیراؤ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر سی او گومتی نگر ستیہ سین یادو بھی پہنچ گئے۔ لوگوں کا غصہ دیکھ کر پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ اور پولس نے کپور تھلا
واقع کار مالک دنیش گپتا کے دفتر سے انووا برآمد کر لی۔ سی او گومتی نگر ستیہ سین یادوکے مطابق کار مالک نے پہلے دوسری کار پولیس کو سونپ دی تھی۔کار مالک نے حادثہ کی شکار انووا گاڑی گیراج میں بننے کیلئے دے دی تھی۔مظاہرین کا الزام تھا کہ چوکی انچارج منوج اور کانسٹبل اودھیش یادو نے انووا مالک سے ساز باز کر کے دوسری کار کوتوالی لے آئے تھے۔ اس بات کا پتہ چلنے پر اے ایس پی گومتی پار دنیش یادو نے سی ستیہ سین کو فوراً ہی جانچ کے احکامات دے دیئے۔ سی او نے اپنی جانچ میں چوکی انچارج و کانسٹبل کی لاپروائی پائی اس کے بعد دونوں کو چنہٹ کوتوالی سے ہٹا کر مہانگر کوتوالی بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے لوگوں کو ڈرائیور کی بھی جلد گرفتاری کا یقین دلا کرمظاہرہ ختم کرایا۔