مشتعل بھیڑ نے پولیس کے سامنے کی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ
کانپور: کلیان پور تھانہ علاقے کی آواس وکاس کالونی تیز رفتار ڈمپر نے اسکول جا رہے ۸ برس کے معصوم کو کچل دیا۔ جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی ۔ معصوم کی موت کی اطلاع سے اس کے کنبہ میں کہرا م مچ گیا ۔ مقامی لوگوںنے ڈمپر کو پکڑلیا۔ لیکن ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ مشتعل لوگوں نے موجود پولیس کے سامنے ڈمپر اور آنے جانے والی گاڑیوںمیں توڑ پھوڑ کی۔ اس کے علاوہ معصوم کی لاش کو رکھ کر سڑک جام کر دی اور معاوضے کے مطالبہ پر بضد رہے ۔
کلیان پور کی آواس وکاس کالونی رہنے والا شیلندر مزدوری کر کے اپنے کنبہ کی پرورش کر رہا ہے۔ شیلندر کا واحد بیٹا ۸ برس کا معصوم ساحل یومیہ کی طرح اسکول جا رہا تھا۔ تبھی پیچھے سے آئے تیز رفتار ڈمپر نے بچے کو کچل دیا۔ جس سے اس کی موقع پر ہی درد ناک موت ہو گئی۔ مقامی لوگوںنے واردات کی بات موقع سے بھاگ رہے ڈمپر کو پکڑ لیا۔ لیکن ڈرائیور موقع سے بھاگنے میں کامیاب رہا۔ معصوم کی موت سے مشتعل لوگوں نے ڈمپر سے دیگر گاڑیوں میں بھی توڑ پھوڑ کے ساتھ آگزنی کی کوشش کی۔ پولیس نے کسی طرح مشتعل بھیڑ کو سمجھا کر گاڑیوں میں آگ لگنے سے بچایا۔ حالانکہ اس دوران سڑک پربھیڑ میں جم کر ہنگامہ کیا۔ جسے پولیس خاموشی سے دیکھتی رہی۔ ہنگامے کے اندیشہ پر اے سی ایم ، سی او جتیندر شری واستو ، انسپکٹر اجئے پرکاش شریو استو فورس کے ساتھ کئی تھانوں کی پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل لوگوں کو خاموش کرانے میں مصروف ہو گئی۔ اس دوران پولیس کو بھی عوام کا غصہ جھیلنا پڑا۔ مشتعل لوگوں نے ساحل کی لاش موقع سے ہٹنے نہیں دی۔ اور جام لگا کر معاوضہ کا مطالبہ کرنے لگے ۔ مظاہرہ کر رہے لوگوں نے معاوضہ ملنے کی بات پر بضد رہے۔ اے سی ایم اور پولیس افسران کی یقین دہانی کے بعد تقریباً ۳ گھنٹے بعد کنبہ والے اور بھیڑ کو خاموش کرایا جا سکا ۔ سی او کلیان پور نے بتا یا کہ ڈمپر کو قبضے میں لے کر معاملہ درج کیا گیا ہے۔ فرار ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔