لکھنؤ(نامہ نگار)راجدھانی میں جعلی نوٹ کا کاروبار کرنے والے ایک اسمگلر کو آج مہا نگر پولیس اور سرویلانس کی ٹیم نے گول مارکیٹ کے نزدیک سے گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی پروین کمار نے بتایا کہ پارلیمانی انتخابات کے دوران نقد رقم پر نظر رکھنے کے دوران آج مہا نگر پولیس اور سرویلانس ٹیم کو ایک بڑی کامیابی ملی۔ پولیس کی ٹیم نے دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے گول مارکیٹ کے نزدیک سے ایک مشتبہ شخص کو پکڑا۔ تلاشی کے دوران پولیس کو اس کے قبضے سے ایک- ایک ہزار کے ۲۵۰جعلی نوٹ، ایک موبائل فون، تین سم کارڈ، ایک بینک کی پانچ رسیدیں ملیں۔ پوچھ گچھ میں پکڑے گئے ملزم نے اپنا نام اندرا نگر کا رہنے والا بجرنگی رائے عرف دیپک رائے بتایا۔ ملزم سے جب پولیس نے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ پنجاب میں ایک ہوٹل میںمنیجر تھا اس دوران
اس کی ایک شخص سے ملاقات ہوئی۔
اس شخص نے اس کو مغربی بنگال کے مالدا میں رہنے والے ایک شخص سے ملاقات کرائی۔ مالدا کے رہنے والے شخص نے بجرنگی کوجعلی نوٹوں کو ہندوستان میں سپلائی کرنے کی پیشکش کی۔ ۴۸ہزار روپئے کے اصلی نوٹ کے بدلے بجرنگی کو ایک لاکھ روپئے کے جعلی نوٹ ملتے تھے۔ اس کے بعد بجرنگی راجدھانی میں ان نوٹوںکو سپلائی کرتا تھا کبھی کبھی وہ ایک لاکھ کے جعلی نوٹوںکو ۵۳ہزار کے اصلی نوٹ کے بدلے لے لیا کرتا تھا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم اب تک کروڑروں روپئے کے جعلی نوٹ ہندوستانی بازار میں چلا چکا ہے۔ پولیس کو راجدھانی میں اس جعلی نوٹ کے کاروبار سے وابستہ کچھ لوگوںکابھی پتہ چلاہے۔پولیس اب ان لوگوں کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ کوئی پہلی بار نہیں ہے کہ راجدھانی میں جعلی نوٹ پکڑے گئے ہیں اس سے قبل بھی کچھ لوگ جعلی نوٹ کے ساتھ گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ پولیس کی گرفت میں اب تک جو لوگ آئے ہیں وہ اس کاروبار کی صرف ایک چھوٹی سے کڑی ہیں۔ اس کاروبار کے اصلی کاروباری سرحد کے پار بیٹھے ہیں اور بڑے آرام سے اپنے نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جعلی نوٹوں کا کاروبار نیپال کی سرحد سے کیاجاتا ہے۔ لیکن اب نیپال میں سختی کے پیش نظر اس کاروبار کے لوگوں نے بنگلہ دیش کو اپنا اڈہ بنا لیا ہے۔ ملزم بجرنگی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اصلی نوٹوں کو اسمگلروں کے بینک کھاتے میں جمع کر دیتا تھا۔ اصلی نوٹ کھاتے میں جمع ہونے کے بعد کیریئر کی مدد سے اس کو جعلی نوٹ مل جایاکرتے تھے پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے اس معاملہ میں ایک اور ملزم کو حراست میں لے رکھا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔