نئی دہلی (بھاشا) ٹیلی مواصلات خدمات فراہم کرانے والی ملک کی سب سے بڑی سرکاری کمپنی بی ایس این ایل نے ڈیجٹل انڈیا کے تحت موبائل کے ذریعہ ای گورنیس اور دیگر کارآمد خدمات سے وابستہ اطلاعات عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے تیاریاں شروع کردیں ہیں۔ بی ایس این ایل کے کنزیمر موبیلٹی ڈائریکٹر انپم شریواستو نے آج یہاں بتایا کہ ان کی کمپنی میں موبائل گورنیس پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ بی ایس این ایل نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کے ذریعہ ایم گورنیس منصوبوں کو شروع کئے جانے کے پیش نظر نئی پالیسی بھی وضع کی ہے۔ انھوں نے کہا ڈیجیٹل انڈیا پروجیکٹ سے محصولات میں کئی گنا اضافہ ہونے کی امید ہے۔
گورنیس کو عام لوگوں تک پہنچانے کیلئے آئی سی ٹی اور موبائل تکنیکی صلاحیت میں وسعت کی ضرورت پڑے گی۔ مسٹر شریواستو نے کہا کہ کم قیمت والے موبائل فون علاقائی زبانوں کے ذریعہ بہتر خدمات فراہم کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔انھوں نے کہا کہ اب تک بی ایس این ایل ایم گورنیس سے مربوط بنیادی پروجیکٹ پر کام کررہی تھی لیکن اب نئی پالیسی کے تحت خدمات سے وابستہ پروجیکٹوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔بی ایس این ایل کو ڈیجیٹل انڈیا سے سب سے زیادہ محصولات کی امید ہے۔