لندن۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ایرانی صدر حسن روحانی کو ٹیلی فون کیا ہے اور ان سے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری تنازعے پر جاری مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈیوڈ کیمرون اور حسن روحانی نے ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کے علاوہ شام میں جاری تنازعے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ اور ایران کے سربراہ ریاست کے درمیان گذشتہ ایک عشرے سے زیادہ عرصے کے بعد اس طرح کا یہ پہلا رابطہ ہے اور دونوں لیڈروں نے ایسے وقت میں ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کیا ہے جب جنیوا میں ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے والا ہے اور اس میں فریقین کے درمیان کوئی مفاہمتی سمجھوتا طے پانے کا امکان ہے۔