کراچی: قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ الیکٹرونک اشیاءفروخت کرنے والی دکانیں رات گئے تک کھل رہی ہیں۔عید سے قبل آخری ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر بھی کراچی میں الیکٹرونکس مصنوعات کا مرکزی صدر بازار اتوار کے روز بھی کھلا رہا اور ڈیپ فریزر کی فروخت رات تک جاری رہی۔ مارکیٹ سروے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قائم الیکٹرونک مصنوعات کی دکانوں کے علاوہ عبدالہارون روڈ صدر پر واقع مرکزی بازار میں بھی ڈیپ فریزرکی فروخت عروج پر پہنچ چکی ہے۔
قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزرز خریدنے والے شہریوں نے بتایا کہ دکانداروں کی جانب سے ڈیپ فریزر کی قیمت ۱۵۰۰سے ۲۰۰۰روپے زائد طلب کی جارہی ہے جس کی وجہ اسٹاک کی قلت یا کمپنی کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ بتائی جاتی ہے۔ کراچی الیکٹرونک اینڈ اسمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان عرفان نے ایکسپریس کو بتایا کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر ڈیپ فریزر کی فروخت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا جاتا ہے، ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت بڑھ گئی ہے، سنگل ڈور ڈیپ فریزر کی ڈیمانڈ سب سے زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیپ فریزر بنانے والی کمپنیوں نے دوہفتے قبل قیمتوں میں ۱۰۰۰سے ۲۰۰۰ ہزار روپے تک کا اضافہ کردیا ہے جبکہ مارکیٹ میں ڈیپ فریزر کی سپلائی بھی محدود کردی گئی ہے جس کی وجہ پروڈکشن میں کمی بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کا گوشت محفوظ کرنے کے لیے ڈیپ فریزر کی فروخت عید سے ایک ہفتہ قبل شروع ہوجاتی ہے جو چاند رات تک جاری رہتی ہے بعض ڈیلر عید کی صبح تک ڈلیوری دیتے رہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں عید سے قبل آخری ہفتے میں ۱۸سے ۲۰ہزار ڈیپ فریزر فروخت کیے جاتے ہیں، یومیہ بنیادوں پر شہر بھر میں ڈیپ فریزر کی فروخت ۱۵۰۰سے ۲۰۰۰ یونٹس بتائی جاتی ہے۔علاوہ ازیں ملکی تاریخ میں شرح سود چھ فیصد کی کم ترین سطح پر آنے کے باوجود بینکوں کی جانب سے عوام کو صارف قرضوں کی فراہمی پر بلند شرح سود وصول کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کم یا محدود آمدنی والا طبقہ برقی آلات بالخصوص ڈیپ فریزر کی خریداری سے محروم ہے جس کا فائدہ قسطوں پر الیکٹرونک مصنوعات فروخت کرنے والے اٹھارہے ہیں شہر کے مختلف علاقوں میں قسطوں پر برقی آلات فروخت کرنے والوں نے بینکوں کو بھی پھیچھے چھوڑ دیا اور دو سے تین سال کی اقساط پر ۴۰فیصد تک سود وصول کیا جارہا ہے۔
نئے ڈیپ فریرز کی خریداری کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد اپنے گھروں میں پہلے سے موجود فریج اور ڈیپ فریزر کی مرمت کروا رہے ہیں جس سے فریج ڈیپ فریزر کی مرمت کرنے والوں کا کام بھی چمک اٹھا ہے زیادہ تر فریج اور ڈیپ فریزر میں گیس کی فلنگ کرائی جارہی ہے تاکہ قربانی کے گوشت کو زیادہ عرصے تک محفوظ رکھا جاسکے۔