تھانہ سٹی کی حدود میں مسگراں بازار کے اندر ہیڈکانسٹیبل خضر عباس کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، نامعلوم دہشت گردوں نے شہید کو سر کی پچھلی جانب سے نائن ایم ایم پسٹل سے گولیاں ماریں، ایک ہی ہفتے کے اندر ٹارگٹ کلنگ کی یہ تیسری کارروائی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوا ہے۔ تھانہ سٹی کی حدود میں محلہ گاڑی بان کے قریب ،مسگراں بازار میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ہیڈکانسٹیبل خضر عباس کو فائرنگ کرکے شہید کر ڈالا۔ شہید کا تعلق داجل، بھکر سے تھا۔ خضر عباس ہائیکورٹ میں ڈیوٹی سرانجام دیتا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے اور پچھلی جانب سے آکر انہوں نے شہید خضر عباس کو نشانہ بنایا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سانحہ میں نائن ایم ایم پسٹل کا استعمال کیا گیا ہے۔ فائرنگ کے واقعہ میں ایک راہ گیر لعل جان بھی زخمی ہو گیا ہے، زخمی لعل جان کو سول ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈی آئی خان میں محض ایک ہفتے کے دوران یہ دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کا تیسرا سانحہ ہے۔
تینوں واقعات میں پولیس اہلکاروں کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ دنوں شہید ہونے والے سید ذیشان حیدر عرف شانی شاہ بھی پولیس کانسٹیبل تھے اور ان کی ڈیوٹی بھی ہائیکورٹ میں تھی، جبکہ شہید خضر عباس بھی ہائیکورٹ میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ یکے بعد دیگرے ٹارگٹ کلنگ کے سانحات سے شہری شدید خوف اور تشویش میں مبتلا ہیں، جبکہ سانحہ کے بعد حسب معمول پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔