نئی دہلی: چھ مرتبہ ہماچل پردیش کے وزیر اعلی رہے ویر بھدر سنگھ سے ناجائز آمد کے معاملہ میں آج یہاں سی بی آئی ہیڈکواٹر دوسرے روز بھی پوچھ تاچھ جاری رہی۔سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ایجنسی نے ان کے آمدنی سے زیادہ اثاثے اکٹھے کرنے کے الزاما ت کی جانچ کے سلسلہ میں انہیں طلب کیا تھا یہ دولت انہوں نے مرکزی وزیر ہوتے ہوئے جمع کی تھی۔کل مسٹر سنگھ سے سات گھنٹہ تک سوال پوچھے گئے تھے اور آج پھر پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق 81 سالہ لیڈر کی پوچھ تاچھ کے دوران کسی وکیل کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ایجنسی نے قبل ازیں ایک ابتدائی انکوائری کی تھی جس میں مبینہ طور سے یہ دکھایا گیا تھا کہ 2012۔2009 کے درمیان یو پی اے حکومت میں مرکزی وزیر رہتے ہوئے مسٹر سنگھ نے اپنے اور کنبہ کے افراد کے نام سے 6.03 کروڑ کے اثاثے جمع کئے تھے جو ان کی آمدنی کے ذرائع سے بہت زیادہ ہیں۔بعدازاں سی بی آئی نے دہلی کی خصوصی عدالت میں ایک مسٹر سنگھ انکی بیوی پرتبھا سنگھ ۔ ایل آئی سی ایجنٹ آنند چوہان اور چنی لال چوہان کے خلاف انسداد بدعنوانی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔
مسٹر سنگھ نے بہرحال اپنے خلاف لگائے گئے الزاما ت سے انکار کیا ہے ۔