نئی دہلی؛جمہ کو شام ساڑھے آٹھ بجے ڈی ڈی اردو پر بلراج ساہنی انٹرنیشنل کی پیشکش ” فرنگی“ سیریل کا دوسرا ایپی سوڈ نثر کیا جائے گا۔ اگلے دن سنیچر کو دوپہر ایک بج کر پانچ منٹ پر اس کا دوبارہ نشریہ دیکھا جاسکتا ہے۔ اپنے والداور ہندوستان کے مایہ ناز اداکار بلراج ساہنی کی سوچ کو ان کے بیٹے اور فلم اداکار پریکشت ساہنی نے کہانی اور منظر نامہ کے ذریعے اتارنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ان کا ارادہ اسے ایک سو چار ایپی سوڈ میں مکمل کرنے کا تھا مگر دوردرشن کی پالیسی کے چلتے بڑے چھوٹے سبھی پروڈیوسروں کو 13 سلسلوں کا ہی سیریل دیا گیا تھا۔ اس وجہ سے ”فرنگی“ کی کہانی بہت تیز رفتاری سے چلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ اردو کے جانے مانے صحافی ،کالم نگار،دوردرشن پر اردو کی خبروں سے الگ پہچان بنانے والے نیوز اینکر،اداکار، ادیب اورشاعر تحسین منور نے اس سیریل میں نہ صرف مکالمے اور گیت لکھے ہیں بلکہ انہوں نے اس میں مدثر علی کے خاص کردار کو نہایت خوبصورتی سے ادا بھی کیا ہے۔” فرنگی“ میں جانے مانے ٹی وی اداکار مہر مصرا نے ڈاکٹر ارشد کا کردار نبھایا ہے۔
یہ سیریل ان ہی کے ارد گرد گھومتا ہے۔ ان کے ساتھ مشہور ٹی وی اداکارہ تلکا اپادھیائے ڈاکٹر سیدہ کے کردار میں ہیں۔ پریکشت ساہنی نے ڈاکٹر بھانوشالی کا اہم کردار ادا کیا ہے۔ اگر اس سیریل کو دوردرشن مزید بڑھاتا ہے تب پریکشت ساہنی کا کردار اہم مرکزی نوعیت لے لے گا۔ اس کے عاوہ دیگر اداکاروں میں بھاٹیہ صاحب ،پردیپ گپتا، مونیکاورما،رشمی سریواستو ،مدن کبیر ،وویک سنگھ اور سنیل سنگھ وغیرہ شامل ہیں۔ ’ ’فرنگی“ کو تفریح چینلوں کے مشہور ہدایت کار سنجیو چڈھا نے اپنی ہدایت میں تیار کروایا ہے۔
اس لئے اس میں دیگر تفریح چینلوں پر چلنے والے سیریلوں جیسا رنگ نظر آتا ہے۔”فرنگی“ کو گجرات کے سجن پور عمر گاﺅں اور ممبئی کے ایس جے اسٹوڈیو اور ایسل اسٹوڈیو میں فلمایا گیا ہے۔ اس میں تحسین منور کے علاوہ سبھی اداکار ممبئی سے ہی ہیں۔ یاد رہے دودرشن نے 15 جنوری سے باہر کے پروڈیوسروں سے بنوائے چالیس نئے سیریل کو نثر کرنا شروع کیا ہے۔ ”فرنگی“ ان میں سے ایک نمایاں اور خاص سیریل کہا جاسکتا ہے۔