لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ یو پی ایس ٹی ایف اور حضرت گنج پولیس نے ممبئی میں ناجائز اسلحہ کے معاملہ میں ایک شخص کو پکڑا ہے۔ پکڑا گیا ملزم ڈی کمپنی کا رکن بتایا جا رہا ہے، فی الحال ابھی اس بات کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ دو جون ۱۹۹۹ء میں یو پی ایس ٹی ایف نے حضرت گنج علاقہ سے پنے کے رہنے والے عزیز الدین اور لکھنؤ کے رہنے والے عقیل احمد کو اے کے ۴۷ اور ۹۶ کارتوس کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس معاملہ میں تفتیش کے دوران چھ مزید لوگوں کے نام بھی سامنے آئے تھے۔
اس معاملہ میں ایس ٹی ایف کے ایک داروغہ نے حضرت گنج کوتوالی میں اس وقت رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔اس معاملہ میں لکھنؤ پولیس اور ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم کو طارق پروین نام کے شخص کے ملوث ہونے کے بارے میں پتہ چلا تھا۔ حضرت گنج پولیس اور یو پی ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم نے ممبئی سے طارق پروین کو حراست میں لے لیاہے۔پولیس کی ٹیم اس کو ممبئی سے لیکر لکھنؤ کیلئے روانہ ہوچکی ہے۔ پکڑا گیا طارق پروین ڈی کمپنی سے جڑا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق طارق پروین کے بارے میں ڈی جی پی ارون گپتا نے ایس ٹی ایف اور لکھنؤ پولیس کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پروین چند برس قبل ممبئی سے دبئی بھاگ گیا تھا۔ ۲۰۰۴ء میں اس کو دبئی سے ڈیپورٹ کیا گیا تھا اس کے بعد ۲۰۰۸ ء میں پروین کو ضمانت مل گئی تھی اور وہ ممبئی میں ہی پراپرٹی کا کام کرنے لگا تھا۔ایس ایس پی یسشوی یادو کا کہنا ہے کہ ملزم پروین نے ۱۹۹۹ء میں نیپال کے راستے جدید ترین اسلحے ممبئی کے سابق میئر کا قتل کرنے کیلئے منگوائے تھے۔
ملزم طارق پروین داؤد کا ممبئی میں کام دیکھتا تھا اور موجودہ وقت میں ممبئی میں رہنے والی داؤد کی بہن سارہ کی عمارت میں اس کا دفتر تھا۔