بنگلور۔تجربہ کار ٹینس اسٹار لینڈر پیس سربیا کے خلاف ڈیوس کپ مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور مرد ڈبلز میں روہن بوپنا ان کے جوڑی دار ہوں گے۔ پیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ ڈیوس کپ میں ٹیم انڈیا کے ساتھ ہوں گے۔ لیکن 41 سالہ پیس کے ہندوستانی ٹیم میں شامل ہونے سے نوجوان کھلاڑی ساکیت منینی کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔ منینی نے
اس سال کی شروعات میں چینی تائی پے کے خلاف ڈیوس کپ میں کھیلا تھا۔ منینی اب ریزرو کھلاڑی ہوں گے۔ ان کے علاوہ جیون اور رامکمار رامناتھن بھی ریزروکھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ آنندامرت راج نے یہاں پریس کانفرنس میں اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہاپیس ڈیوس کپ میں یقینا ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور بوپنا کے ساتھ جوڑی بنائیں گے۔ امرت راج نے کہامیں تصدیق کر سکتا ہوں کہ پیس ڈیوس کپ میں کھیلیں گے۔ اور بوپنا ان کے جوڑی دار ہوں گے۔ میں نے پیس سے نیویارک میں فون پر بات کی ہے اور انہوں نے اس کیلئے اپنی موجودگی یقینی کر دی ہے۔ لینڈر منگل کو واپس وطن لوٹیں گے۔گزشتہ سال ٹینس ٹیم کے کوچ بنے امرت راج نے کہا کہ سربیاجیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھی ہندوستانی ٹیم کو اتارنے کے مقصد سے ہی پیس کو شامل کیا گیا ہے۔ لیکن پیس کے حصہ بننے سے منینی کے باہر ہو جانے کو لے کر کوچ نے کہا منینی اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کی وجہ سے ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔ وہ ٹیم کے ساتھ کھیلنے میں اعتماد رکھتے ہیں اور میں نے ان سے اس بارے میں بات کی ہے اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ ملک کے لیے کچھ بھی کریں گے اور انہیں باہر بیٹھنے سے کوئی دقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوم دیو دیوورمن اور بھامبری کی شکل میں ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی اور پیس ۔بوپنا کی شکل میں ڈبلز کھلاڑی ہیں جس سے ٹیم بہت مضبوط ہے اور سربیا کے خلاف بہترین کارکردگی کیلئے تیار ہے۔ اس درمیان ڈبلز میں تیسرے نمبر کے کھلاڑی بوپنا نے کہاڈیوس کپ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ لینڈر کے ساتھ کھیلنا مجھے ہمیشہ سے پسند تھا۔ ہم اس جوڑے کے لیے گزشتہ کچھ دنوں سے بات کر رہے تھے اور اب ہم ملک کے لیے ایک ساتھ کھیلیں گے ۔انہوں نے کہالینڈر ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ڈبلز میں ان کی اچھی درجہ بندی ہے اور میرے جیسے تیسری رینک کھلاڑی کے ٹیم کا حصہ بننے سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ میں اس شراکت سے حوصلہ افزائی ہوں۔حالانکہ ابھی صاف نہیں ہے کہ دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ ہندوستان میں ہونے والے ڈیوس کپ مقابلے میں اپنی سربیائی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا نہیں ۔ ان کی موجودگی کو لے کر اب بھی صورتحال صاف نہیں ہو پائی ہے۔ جوکووچ امریکی اوپن مرد سنگلس کے سیمی فائنل میں ہار کر باہر ہو گئے ہیں۔