افغانستان کے نائب وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ایک خودکش موٹر سائیکل سوار ایک غیر ملکی کنوائے سے ٹکرایا ہے
افغانستان میں حکام کے مطابق ملک کے دارالحکومت کابل میں ایک خودکش موٹر سائیکل سوار برطانوی سفارت خانے کی ایک موٹر کار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے۔
جمعرات کے روز ہونے والے خودکش بم حملے کی آواز شہر کے مشرقی حصوں میں سنی گئی۔ یہ واضح نہیں کہ ا
س حملے کا ہدف برطانوی سفارت خانے کی گاڑی تھی یا نہیں۔
افغانستان کے نائب وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ایک خودکش موٹر سائیکل سوار ایک غیر ملکی کنوائے سے ٹکرایا ہے۔
ستمبر میں اقتدار میں آنے والے نئے صدر اشرف غنی نے دہائیوں تک جنگ سے متاثر ہونے والے اپنے ملک میں امن لانے کا عہد کیا ہے۔
افغانستان میں بم دھماکے اور خودکش حملے ہوتے رہے ہیں اور ان میں اکثر افغان طالبان ملوث رہے ہیں۔
نومبر کے وسط میں بھی کابل میں اہم خاتون رکنِ پارلیمان پر خودکش حملے میں تین عام شہری ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ رکنِ پارلیمان کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔
افغان طالبان نے ملک میں ایک ایسے وقت میں حملے تیز کر دیے ہیں جب غیر ملکی افواج آئندہ مہینے افغانستان سے نکلنے کے لیے تیاریاں کر رہی ہیں۔
یکم جنوری سنہ 2015 افغانستان میں صرف 12 ہزار نیٹو فوج باقی رہ جانے کی توقع ہے جن کا کام افغان سکیورٹی فورسز کی تربیت و مشاورت کرنا ہو گا۔
امریکی سربراہی میں ایک اور سکیورٹی فورس طالبان کے خلاف کارروائیوں میں افغان سکیورٹی فورسز کی مدد کرے گی۔
خیال رہے کہ افغانستان کی جانب سے نیٹو اور امریکہ کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی افغان پارلیمان کے ’مشرانو جرگہ‘ کی طرف سے توثیق ابھی ہونا باقی ہے۔