لکھنؤ(نامہ نگار)اندرا نگر کے باشندے ایک کاروباری کے ساتھ کام کرنے والی ایک عورت نے کچھ عرصہ قبل اپنی ایک دوست سے کاروبار ی کا تعارف کرایا اس کے بعد ملاقات کا سلسلہ شروع ہو گیا توکاروباری کی دوست عورت نے اپنی ایک دیگر خاتون دوست کو قتل کرنے کا ذکر کیااور اس معاملہ میں کاروباری کا نام لینے پر اسے دھمکی دی۔ اس کے بعد کاروباری کو بلیک میل کر کے اس نے ۲۰لاکھ روپئے لے لئے۔
۲۰لاکھ روپئے لینے کے بعد عورت نے پانچ لاکھ روپئے کا مزید مطالبہ کیا۔ لیکن کاروباری نے پولیس سے شکایت کردی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد ملزمہ عورت اور اس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک کار اور نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غازی پور تھانہ انچارج نووندر سنگھ سروہی نے بتایا کہ اندرا نگر اے بلاک کے باشندے راج کمار رستوگی کچھ عرصہ قبل ایک کمپنی کا مالک تھا۔ مذکورہ کمپنی میں عالم باغ کی رہنے
والی انجلی شریواستو بھی ملازمت کرتی تھی۔ نقصان کے بعد شری رام نے کمپنی کو بند کر دیا لیکن انجلی سے اس کی دوستی برقرار رہی۔ کچھ عرصہ قبل انجلی نے فون پر اپنی ایک خاتون دوست ریکھا سے شری راج کی بات کرائی۔ اس کے بعد کاروباری اورریکھا کے درمیان طویل ملاقاتیں اور گفتگو ہوتی رہیں۔ ایک دن انجلی نے کاروباری کو بتایا کہ ریکھا کوقتل کر دیا گیا ہے اور قتل کے معاملہ میںکاروباری کانام لیا جارہا ہے قتل کے معاملہ میں اپنا نام ملوث ہونے کی بات سن کر کاروباری خوفزدہ ہوگیا۔ اس کے بعد انجلی نے اپنے ایک ساتھی عالم باغ کے باشندے جگدیش کی مدد سے کاروباری کو بچانے کیلئے دس لاکھ روپئے لے لئے۔
اس کے کچھ ماہ کے بعد انجلی نے کاروباری سے دس لاکھ روپئے لے لئے۔ ۲۰لاکھ روپئے لینے کے بعد بھی انجلی اور اس کے دوست جگدیش کمار نے کاروباری سے مزید پانچ لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔ مطالبہ کی بات سن کر کاروباری پریشان ہو گیا اور اس نے غازی پور پولیس کو پورے معاملہ سے واقف کرادیا۔ پولیس نے کاروباری شری راج سے انجلی کو روپئے لینے کیلئے بلانے کو کہا۔ سنیچر کو انجلی ، جگدیش کمارکار ڈرائیور وپن کے ساتھ فیض آباد روڈ واقع اندرجیت کامپلکس پہنچے۔ پہلے سے ہی وہاں پر موجود ملزم انجلی اور جگدیش کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ڈرائیور وپن کو ٹریویل ایجنسی سے بلایاگیاتھا۔ لیکن اسے اس بارے میں کچھ معلوم نہیںتھا۔ اس کے بعد پولیس نے وپن کو چھوڑ دیا اور انجلی و اس کے ساتھی جگدیش کے خلاف زرتاوان اورجعلسازی کا مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے انجلی کی کار سے ۳۶۲۰روپئے برآمد کر لئے۔
سوتیلے باپ پر آبروریزی کا الزام
لکھنؤ(نامہ نگار)کاکوری علاقہ میں رہنے والی ایک لڑکی نے اپنے سوتیلے باپ پر آبروریزی کا الزام عائد کیا ہے۔لڑکی نے تھانہ میں دی گئی تحریر میں الزام عائد کیا ہے کہ مخالفت کرنے پر اس کی ماں اور بہن نے بھی اس کے ساتھ مارپیٹ کی۔ پولیس نے سوتیلے باپ ،ماں اور بہن کے خلاف مارپیٹ اور آبروریزی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ انسپکٹر کاکوری مکھ رام یادو نے بتایا کہ کاکوری کی رہنے والی ایک خاتون کے شوہر کی ۲۰۱۱ء میں موت ہو گئی تھی۔ شوہر کی موت کے بعد اس نے ایک شخص کو شوہر کے طور پر گھر میں رکھ لیا تھا۔ خاتون کی ایک بیٹی نے بتایا کہ اس کے سوتیلے باپ نے اس کی آبروریزی کی اور جب اس نے اس بات کی شکایت اپنی ماں اور بہن سے کی تو ان لوگوں نے اسے ماراپیٹا۔ گھر والوں کے رویہ سے عاجز ہو کر لڑکی اپنی ایک دیگر بہن کے گھر جا کر رہنے لگی اس کے بعد گھر کے لوگ اسے بہانے سے گھر واپس لے آئے اور پریشان کرنے لگے۔
گھر والوں کی حرکات سے پریشان ہوکر لڑکی نے کاکوری تھانہ میں اپنے سوتیلے باپ، ماں اور بہن کے خلاف مارپیٹ اور آبروریزی کا مقدمہ درج کرادیا ہے۔ اس سلسلہ میں کاکوری پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے نام جائیداد کو حاصل کرنا چاہتا ہے۔ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔