لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ میئر ڈاکٹر دنیش شرما کے ذریعہ یقین دہانی کے بعد نامزد کونسلروںنے صدر دفتر پر منعقدہ ایک روزہ بھوک ہڑتال پروگرام کو ملتوی کر دیا ہے۔ میئر کو مدعو کئے جانے کے بعد تمام نامزد کونسلر میئر کی لکھنؤ واقع رہائش گاہ پہنچے نامزد کونسلروں نے ڈاکٹر دنیش شرما کے سامنے اپنے مطالبات رکھے۔ میئر نے نامزد کونسلروں کو یقین دلایا اور انہیں روشناس کرایا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے منتخب کونسلروں کو دی جانے والی ۵۰ لاکھ کی رقم تمام کونسلروں کودی جائے گی جن میں نامزد کونسلر بھی شامل ہیں۔ منتخب کونسلروں کی طرح نامزد کونسلروں کے کام کئے جائیں گے اور کسی طرح کامسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔ نیم پلیٹ کے سلسلہ میں میئر نے یقین دلایا کہ آپس میں بیٹھ کر اس مد
عہ کو بھی حل کر لیا جائے گا۔ میئر کی یقین دہانی کے بعد نامزد کونسلروں نے کارپوریشن دفتر پر منعقد ایک روزہ بھوک ہڑتال پروگرام کو ملتوی کر دیا۔ اس موقع پر نامزد کونسلر شعیب احمد، محمد شارق خاں ، سریندر بالمیکہ، سجیت کمار، رام سیوک یادو، رام ملن سنگھ، شیری مرزا و مالتی سنگھ سمیت ۹ کونسلروں کے علاوہ آڈٹ افسر راجندر سنگھ موجود تھے۔