لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ پارلیمانی انتخابات میں سماج وادی پارٹی، بی ایس پی اور کانگریس کی شکست کے بعد بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ پہلی مرتبہ لکھنؤ آرہے ہیں اس موقع پر کارکنان ان کا زبردست خیر مقدم کریں گے۔ ہوائی اڈہ سے لیکر پارٹی دفتر تک مختلف مقامات پر ان کے استقبال کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ بات ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے منطقائی صدور کے جلسہ میں کہی۔ بی جے پی کے عہدیداران، مورچہ سیل کے صدور، کوآرڈینیٹروں، منطقائی صدور اور ریاستی مجلس عاملہ اراکین کا جلسہ مہانگر صدر منوہر سنگھ کی صدارت میں ریاستی دفتر پر منعقد
ہوا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی نے کہا کہ بی جے پی قومی صدر کی آمد کے بعد منطقائی صدر سطح کے عہیداران کے اجلاس کو امت شاہ خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ ریاست میں بارہ اسمبلی حلقے اور ایک پارلیمانی حلقے کے انتخاب سے قبل اجلاس کارکنان میں نئی توانائی پیدا کردے گا۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران کارکنان نے اپنی محنت کی بناء پر ۷۱ اور دو امیدواروں کو کامیابی دلاکر ریاست میں بی جے پی کا پرچم لہرایا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری سنیل بنسل نے پارٹی عہدیداران سے آئندہ پروگراموں کی معلومات حاصل کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں تمام کارکنان کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ریاست کے جنرل سکریٹری سنیل بنسل نے کہا کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں کارکنان کی بے پناہ کوششوں سے بی جے پی امیدوار و وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور اس کامیابی کو مستقبل میں قائم رکھنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضمنی انتخابات میں سماج وادی پارٹی سرکاری مشینری کا غلط استعمال ضرور کرے گی اس لئے کارکنان ان کی کوششوںکو ناکام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرست میں نام شامل کرنے کا کام شروع ہونے والا ہے اس لئے ووٹر فہرست میں بی جے پی ووٹروں کے نام بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل ہو۔